سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں9 اور11 فروری کو ہڑتال کی جائے گی۔9 فروری کو یوم شہادت شہید محمد افضل گورو اور11 فروری کو یوم شہادت شہید محمد مقبول بٹ منایا جائے گا۔ بھارتی حکومت نے شہید محمد افضل گورو کو9 فروری2013 کو اور11 فروری 1984 کو مقبول بٹ کو نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں پھانسی دے دی تھی ۔
کے پی آئی کے مطابق دونوں کشمیری شہدا کی لاشیں لواحقین کو نہیں دی گئیں انہیں نئی دہلی کے تہاڑجیل کے احاطے میں ہی دفن کیا گیا ۔ کشمیری عوام ہرسال 9 اور11 فروری کو ہڑتال کرتے ہیں اور کشمیری شہدا کی باقیات کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے فروری کو ماہ محمد مقبول بٹ اور محمد یاسین ملک کی رہائی مہم کے مہینے کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
جے کے ایل ایف نے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی محمد مقبول بٹ کا 39واں اور محمد افضل گورو کا 10واں یوم شہادت قابل ستائش انداز میں منائے گی۔بیان میں کہا گیا کہ ان عظیم شہداکی یاد میں مقبوضہ جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور پوری دنیا میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور دیگر پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔بیان میں مقبول بٹ کو کشمیری عوام کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ مذکورہ پروگراموں کے دوران محمد مقبول بٹ اور محمدافضل گورو کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔