سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے واضح کیا ہے کہ دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کے پہرے میں مقبوضہ کشمیر اسمبلی انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور یہ ایک فوجی مشق سے زیادہ کچھ نہیں۔ کشمیری عوام ان انتخابات سے لاتعلق رہیں گے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین پیر عبدالصمدانقلابی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حریت قیادت نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگ کسی بھی قسم کے انتخابات کے لئے نہیں بلکہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی برائے اسلام اور اپنے بنیادی اور پیدائشی حق ، حق خودارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے اندر ساتھ لاکھ سے زائد لوگوں نے صرف اور صرف آزادی برائے اسلام کے لئے قربانیاں پیش کی یہ قربانیاں کسی الیکشن یا سلیکشن کے لئے نہیں دی گئی ہیں۔
پیر عبدالصمدانقلابی نے کہا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر کے لوگ گزشتہ 77 برسوں سے بھارتی ظلم وجبر اور ستم کا شکار ہیں ، جموں کشمیر کے لوگوں نے بے انتہا اور بے مثال قربانیاں دی ہیں، گھر بار مال وجان اور اپنا سب کچھ لٹا دیا ہے لہذا ہماری عظیم قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے حقیر مفادات کی خاطر ہرگز کسی ظالم وجابر اور غاصب کاساتھ نہ دیں۔ چیئرمین نے کہا ہے کہ ظالموں، جابروں اور غاصب لوگوں کی صفوں میں داخل ہوکر اور اپنے ہی لوگوں کو تکلیف پہنچانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پیر عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ ہم نے جس قدر قربانیاں دیں، ظلم و جبر اور ستم سہا، ہمارے اندر اس قدر ان قربانیاں کا شعور و احساس ہونا چاہیے۔ کہ ہمیں اپنے کردار کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے اور اگر ہم ظالم وجابر اور غاصب کے خلاف آواز نہ اٹھا سکیں تو کم از کم اسکا آلہ کار بھی نہیں بننا چاہیے۔ سینئر حریت رہنما عبدالصمد انقلابی نے کہا ہے کہ ظالم وجابر اور غاصب لوگوں کا ساتھ دینے کے بجائے بہتریہ ہے کہ ہم لوگ اپنے گھروں ہی تک محدور رہیں، یاد رہے کہ بھارت کے مودی حکومت نے جموں کشمیر میں نام نہاد اسمبلی انتخابات کا ڈرامہ رچانے کے لئے جا رہی ہے، یہ انتخابات 18 ستمبر 2024 سے یکم اکتوبر 2024 تک تین مراحل میں ہوں گے۔ مودی حکومت نے انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لئے جموں کشمیر میں اپنے آلہ کاروں کو متحرک کر دیا ہے۔