ماسکو ، نئی دہلی : روسی ٹی وی 11 فروری کو ایک خصوصی دستاویزی فلم کشمیر “نیا فلسطین” بنتا جا رہا ہے دکھائے گا۔ دستاویزی فلم میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں کشمیر “نیا فلسطین” بنتا جا رہا ہے۔
دستاویزی فلم میں مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی کی تبدیلی کے لیے بھارتی اقدامات، بھارتی فوج کی کاروائیوں، بھارت کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت اور احتجاج، مقبوضہ کشمیر میں شناخت سے محروم پھنسی ہوئی پاکستانی خواتین کے مسائل ، ایل او سی کی صورت حال ، اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی کا کشمیر کی صورت حال پر انٹر ویو بھی شامل ہے۔
روسی حکومت کے حمایت یافتہ نجی ٹی وی ریڈ فش نے ٹویٹر اکاونٹ پر دستاویزی فلم کشمیر “نیا فلسطین” بنتا جا رہا ہے کا ٹریلر جاری کیا ہے۔https://twitter.com/redfishstream پر فلم کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد اس معاملے پر روس اور بھارت کے درمیان بھی کشیدگی پیدا ہوگئی ہے حتی کی نئی دہلی میں روسی سفارت خانے کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا۔ نئی دہلی میں روسی سفارت خانے کے ترجمان نے ایک بیان جاری کیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیر معاملے پر اور دو طرفہ تنازعات میں مداخلت نہ کرنے کا روس کا اصولی موقف بدستور برقرار ہے۔
https://twitter.com/redfishstream/status/1489630448225427461?s=20&t=TJ3jsLb9K8bof47SA2r-Sg
روسی ڈیجیٹل چینل ریڈ فش کی دستاویزی فلم میں دکھائے گئے خیال سے روسی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔چینل اپنی ادارتی پالیسی کے حوالے سے آزادانہ طور پر کام کرتا ہے۔ روس کو اپنے میڈیا سے یہ توقع ہے کہ علاقائی مسائل کی پیچیدگی اور تاریخی پس منظر کے بارے میں مناسب سمجھ بوجھ اور متوازن پالیسی ہونی چاہیے۔یاد رہے دستاویزی فلم کشمیر “نیا فلسطین” بنتا جا رہا ہے 11 فروری کو رات 9:30 بجے دکھائی جائے گی۔