اسلام آباد—ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیری رہنماء سید علی شاہ گیلانی کی برسی یکم ستمبر کو منائی جائے گی، سید علی گیلانی کشمیر کی جہدوجہد کی توانا آواز تھے۔پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں شرکت کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دعوت نامہ بھجوایا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کرتے ہوئے بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے کی مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے بھجوائے گئے ہیں۔انہوں نے تصدیق کی کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی دعوت نامہ بھجوایا گیا ہے، ہمیں کچھ ممالک سے اجلاس میں شرکت کی تصدیق بھی موصول ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق وقت آنے پر آگاہ کیا جائے گا کہ کس کس ملک نے تصدیق کی ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کا اجلاس ستمبر میں پاکستان میں ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکرٹری خارجہ سیشن آف کونسل آف فارن منسٹرز (سی ایف ایم) پر موجود ہیں ، سیکرٹری خارجہ وہاں پر غزہ اور جموں کشمیر پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے، وہ دہشت گردی سمیت دیگر عالمی مسائل پر گفتگو کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ہم خان یونس میں اسرائیل کی جانب سے تاریخی مسجد پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سید علی شاہ گیلانی کی برسی یکم ستمبر کو منائی جائے گی، سید علی گیلانی کشمیر کی جہدوجہد کی توانا آواز تھے۔ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بھارت کی براہ راست دوطرفہ تجارت نہیں ہے، تاہم اگر کوئی یک طرفہ درآمدات کرتا ہے تو وہ ممکن ہے، اس حوالے سے آپ وزرات تجارت سے رابطہ کریں۔ترجمان دفترخارجہ نے واضح کیا کہ وزارت پیٹرولیم اور قانونی ٹیم گیس پائپ لائن منصوبے پر ایران کی جانب سے عالمی ثالثی عدالت جانے کا معاملہ دیکھ رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق امریکا میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ سے متعلق کچھ نئی معلومات نہیں آئیں، امریکی حکام کے انتظار میں ہیں کہ وہ معلومات شئیر کریں