آزادکشمیرکے سابق قائم مقام وزیراعظم چوہدری محمدعزیز انتقال کرگئے،اسلام آباد جنازہ آئی ایٹ فٹ بال گراؤنڈ میں ادا


اسلام آباد(صبا ح نیوز) آزادکشمیر کے سابق سینئر وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد عزیزانتقال کرگئے۔چوہدری محمدعزیز کا انتقال بدھ کی صبح اسلام آباد کے اسپتال میں ہوا،ان کی نمازجنازہ اسلام آباد میں ادا کردی گئی،مرحوم کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقہ حویلی روانہ کردیاگیا

اسلام آباد میں موحوم کی نماز جنازہ آئی ایٹ فٹ بال گرائونڈ میں ادا کی گئی۔جس میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار عتیق احمد خان،سابق وزیر اعظم سردار تنویز الیاس خان،سابق سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق،اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین،سابق وزیر امور کشمیر قمر زمان قائرہ،سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر،مسلم لیگ ن کے آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، جبکہ پی پی کے صدر سردار حسن ابراہیم خان،وزیر حکومت سردار ضیاالقمر،جسٹس سردار لیاقت شاہین،سابق وزرا سردار فاروق سکندر، سید علی رضابخاری،سید شوکت علی شاہ،طاہر کھوکھر سمیت بڑی تعداد میں سیاستدانوں، صحافیوں،وکلا اور عوام نے شرکت کی۔

مرحوم کی نماز جنازہ جمعرات کو کہوٹہ کالج گرائونڈ میں ادا کی جائے گی اور وہیں ان کے آبائی قبرستان میں انہیں سپرد خاک کیاجائیگا ۔چوہدری عزیز 3 بار ممبر اسمبلی اور سینئر وزیر رہے، ایک بار قائم مقام وزیراعظم بھی رہے۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے نائب صدر و سینئیر رہنما اور سابق سینئیر وزیر چوہدری محمد عزیر کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے وزیرِ اعظم نے مرحوم کی مغفرت اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ،وزیراعظم نے کہاکہ چوہدری محمد عزیز آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں سرگرم سیاسی شخصیت تھے ،چوہدری محمد عزیز کی وفات سے آزاد جموں و کشمیر کی سیاست ایک درخشاں ستارے سے محروم ہو گئی.