سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کے جلد حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس نے سری نگر میں جاری بیان میں کہا ہے کہ امن پسند کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے حق خودارادیت کے تصور کو ایک جمہوری عمل سمجھتے ہیں جس کی ضمانت عالمی ادارے اور عالمی برادری نے دی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مسلسل قتل و غارت کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کہا کہ تحریک آزادی کشمیرکو دبانے کی بھارتی ہٹ دھرمی سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوا بلکہ اس سے حریت پسندکشمیری عوام کے دلوں میں ہمارے شہید نوجوانوں کی عقیدت مزید بڑھ گئی ہے جنہیں مقبوضہ علاقے کے طول و عرض میں شہید کیاگیا ہے۔
ترجمان نے سرینگرمیں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداکا مقدس لہوحریت پسند کشمیریوںکے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسی تحریک کا نتیجہ ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین بھارتی فوجی محاصرے اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود مزاحمتی تحریک زور و شور سے جاری ہے۔
ڈوگرہ راج کے زیر سایہ ظلم کے سیاہ دور کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ مہاراجہ گلاب سنگھ نے 1850 میں مسلم اکثریتی ریاست جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی تہذیب کو تباہ کرنے کی پوری کوشش کی لیکن وہ ہندوتواتہذیب کو مسلط کرنے کی اپنی خواہش پوری کرنے میں بری طرح ناکام رہا۔
ترجمان نے اسی تاریک دور کو دہرانے کی فسطائی بھارتی حکومت کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںہندوتوا کلچر کو زندہ کرنے کے بھارت کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہونگے۔ انہوں نے بہادر کشمیری عوام کے مزاحمتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری تاریخ بالخصوص بھارت کے فوجی قبضے کے دوران ظلم و جبر کی ایک ایسی داستان ہے جس کی جدید اورمہذب دنیامیں کوئی مثال نہیں ملتی۔
ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری قتل و غارت،جبری گرفتاریوں، جعلی مقابلوں ، رہائشی مکانات کی توڑ پھوڑ، خواتین کی بے حرمتی اور بنیادی حقوق سے محرومی کا سخت نوٹس لیں۔