لاہور(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت کے بہت سے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں،مسلم لیگ ن پر اعتماد ہے،میاں صاحب کا شکریہ، انہوں نے ہمیں کھلے دل سے بلایا ۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کو ظہرانے پر مدعو کیا۔
بلاول بھٹو اور آصف زراری اپوزیشن لیڈر کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے جہاں شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔شہباز شریف کی معاونت کے لیے مریم نواز، حمزہ شہباز، سعد رفیق، مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں جبکہ بلاول اور زرداری کے ہمراہ حسن مرتضی اور رخسانہ بنگش موجود تھیں۔
دونوں جماعتوں کے وفود کے درمیان احتجاجی لانگ مارچ کا انضمام کرنے اور حکومت مخالف لائحہ عمل سے متعلق اہم گفتگو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی سب کو صحت عطا کرے، کورونا سے بچائو کیلئے احتیاط بہت ضروری ہے، پاکستان کے حالات دن بدن بگڑتے جارہے ہیں۔ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دو بھر کردیا، عوام حکومت کے کارناموں سے کب کی تنگ آچکی، عمران خان کی حکومت صرف جھوٹے دعوؤں، لارے لپوں کی حکومت ہے، ان سے حکومت سنبھل نہیں رہی کبھی کس کی تھالی میں دیکھتے ہیں کبھی کدھر، حکومت نے غریبوں کے پیسوں پر غریبوں پر بہت تجربے کرلئے۔ ہر جگہ ناکامی کیساتھ بے عزت ہوئے، بس اب غریبوں نے ہاتھ اٹھا لئے۔ اس حکومت کے بہت سے لوگ ہمارے سے رابطے میں ہیں جو تنگ آچکے ہیں۔
بعد ازاں شہباز شریف کی رہائشگاہ سے واپسی پر میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کا شکریہ، انہوں نے ہمیں کھلے دل سے بلایا۔صحافی نے آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ کیا آپ کو مسلم لیگ ن پر اعتماد ہے؟۔ جس پر آصف علی زرداری نے مثبت انداز میں سر ہلا کر اعتماد ہونے کا اشارہ دیا۔