لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے ضلعی و زونل ذمہ داران کا اہم اجلاس 22اگست بروز جمعرات منصورہ آڈئیوڑیم ہال میں طلب کر لیا۔ جس میں ضلعی امراء و قیمین، ضلعی نائب امراء و نائب قیمین ، زونل امراء و قیمین ، صوبائی صدور وسیکرٹری و ضلعی صدور برادر تنظیمات اور ضلعی ذمہ داران سوشل میڈیا شریک ہونگے ۔اجلاس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ اور ” حق دو عوام کو تحریک” کے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو چکے ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی مستقل بنیادوں پر اور پورے پاکستان کے عوام کو فراہم کی جائے ۔جو لوگ جماعت اسلامی کے دھرنے پر تنقید کرتے تھے وہ بھی آج اس کا کریڈٹ دینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
جب تک عوام اپنے حقوق کے لئے باہر نہیں نکلیں گے اس وقت تک ریلیف نہیں ملے گا ۔ملک میں ہر سیاسی جماعت ،چاہئے مرکز ہو یا صوبہ، اقتدار میں ہے۔صرف جماعت اسلامی ہی ہے جو عوام کی حقیقی ترجمان اور اپوزیشن جماعت ہے ۔ہم عوام کو کسی موقع پر بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔جماعت اسلامی کی سیاست کا محور و مرکز خدمت خلق ہے۔ہم اقتدار کے بغیر قوم کی خدمت کر رہے ہیں اگر قوم ملکی خزانہ صالح قیادت کے سپرد کر دے تو ملک و قوم خوشحال ہو سکتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ملک و قوم کو78برسوں سے جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے یرغمال بنایا ہوا ہے ۔ ادارے تباہی کے دھانے پر پہنچ چکے ہیں ۔کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نظر نہیں آتا جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جا سکے ۔ مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی کی مایوس کن کارکردگی پاکستان کے 25کروڑ عوام دیکھ چکے ہیں۔ان کرپٹ حکمرانوں سے خیر کی توقع نہیں۔غیر ملکی ادارے پاکستان کی معاشی بد حالی پر تشویش کا اظہار کر رہئے ہیں