ابوظہبی کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 225 فیصد اضافہ


ابو ظہبی(صباح نیوز) متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں رواں سال کی کی پہلی ششماہی میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 225 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ابو ظہبی کے ریئل سٹیٹ شعبے کے نگران اور ریگولیٹر ابوظہبی رئیل سٹیٹ سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ ابوظہبی کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران2023 کے مقابلے میں رئیل سٹیٹ سرمایہ کاری میں 3.28 بلین درہم کی سرمایہ کاری ہوئی جس میں 75 ممالک کے 971 انفرادی سرمایہ کاروں نے حصہ لیا جن میں امریکا، برطانیہ، چین، قزاقستان اور روس شامل ہیں۔ یہ ابوظہبی کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہے۔

ابوظہبی رئیل سٹیٹ سینٹر کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل راشد العمیرہ نے کہا ہے کہ ابوظہبی کے رئیل سٹیٹ شعبے کی بہتر کارکردگی ان سٹرٹیجک اقدامات کی عکاسی کرتی ہے جو ہم نے امارات کو ایک ممتاز عالمی سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر بنانے کے لئے نافذ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ابوظہبی کے اقتصادی تنوع کے وژن میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہماری بنیادی توجہ جدت طرازی، شفافیت اور کارکردگی پر مبنی ایک کاروباری دوستانہ ماحول کیلئے ہے۔