لاہور(صباح نیوز)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تعلیم تک رسائی،کوالٹی اور تعلیمی نظام کی گورننس کو مزید بہتر بنارہے ہیں،پنجاب بھر کے 500سکولوں میں مڈل اور میٹرک ٹیک پروگرام کو لانچ کیا جائے گا،ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کریں گے ۔ لاہور میں سینئروزیراطلاعات پنجاب مریم اورنگزیب کی زیرصدارت اجلاس میں 4اہم سیکٹرزپر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے اعلی سطح کے وفد نے شرکت کی۔
سینئر صوبائی پنجاب مریم اورنگزیب کوا ئیرکوالٹی،سکول ایجوکیشن، پاپولیشن اورصحت سے متعلق امور پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی، لاہورمیں سموگ کے خاتمے کیلئے موثراور قابل عمل روڈ میپ کا جائزہ بھی لیا گیا۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کودی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کیمرں کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی بائیکس کی نشاندہی کر کے جرمانہ عائد کیا جائے گا،مئی میں فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے سموگ زیادہ ہوتی ہے،2028 تک ایئر کوالٹی انڈیکس کو100 پی ایم سے70پی ایم تک لانے کا ٹارگٹ ہے۔سٹاف کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کو مزید بتایا گیا کہ لاہورمیں روزانہ 1800 نئی بائیکس رجسٹرڈ ہوتی ہیں،موٹر سائیکل فضائی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ ہے، ٹرانسپورٹ آلودگی میں 75 فیصد سے زائد موٹر سائیکل پیدا کرتے ہیں،انوائرنمنٹ پر موثر قانون سازی اور نفاذ سے سموگ میں کمی کا ہدف حاصل کرنا ممکن ہوگا۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے الیکٹرک بائیکس، وہیکلز اور بسیں متعارف کرا رہے ہیں،ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کریں گے،بائیکس کی وجہ سے پیدا ہونیوالی آلودگی پر کنٹرول کے لئے بنگلہ دیش اورچین ماڈل اپنایا جا سکتا ہے۔
بریفنگ کے بعد سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا،ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے شجرکاری مہم بہت اہم کردار ادا کرے گی،جامع اور موثر حکمت عملی کے فقدان سے گورننس کا نظام مشکل ہو رہا ہے،7 دہائیوں سے کام کرنے والے ادارے اب تک سٹریٹجی کیوں نہیں بنا سکے؟۔سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا بریفنگ کے بعد گفتگو میں کہا کہ تعلیم تک رسائی،کوالٹی اور تعلیمی نظام کی گورننس کو مزید بہتر بنارہے ہیں،پنجاب بھر کے 500سکولوں میں مڈل اور میٹرک ٹیک پروگرام کو لانچ کیا جائے گا۔