حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کے روڈ میپ کا اعلان کرے،ڈاکٹر خالد محمودخان


مظفرآباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محموخان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر کی آزادی کے روڈ میپ کا اعلان کرے ۔

جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد کے زیراہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بینک روڈ  میں  ریلی سے خطاب  میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کل بھی جدوجہد آزادی کا ہر اول دستہ تھی اور اب بھی ہے ۔  انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی راہ کو کھوٹا نہیں کر سکتی اور نہ کشمیری قوم کبھی کسی کو اس کی اجازت دے گی

یوم یک جہتی کی تقریب  سے امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محموخان د ، نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمان ،امیر جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد محمد لطیف عباسی ،خواتین صدرڈاکٹرخدیجہ ترابی، سیکرٹری جنرل عبدالصمد ایڈووکیٹ،امیر حلقہ نمبر ایک راجہ حسیب احمد خان ،ناظم حزب المجاہدین اعظم غازی،امیر حلقہ نمبر دو مولانا یونس تبسم ،شیخ منظور،خالد محمودزید ی امیر جماعت اسلامی یوتھ ،عبدالرحمان ناظم جمعیت طلبہ عربینہ ،عزیر غزالی پاسبان حریت،یاسر نقوی مسلم کانفرنس،شوکت جاوید میر پی پی پی ،بشیر اعوان امیر حلقہ نمبر پانچ ،شریف قریشی سمیت دیگر نے  بھی خطاب کیا ۔

مقررین نے کہا کہ کشمیر کے آزادی کی یہ تحریک دو ملکوں کے درمیان علاقائی یازمینی تنازعہ نہیں ہے یہ ایک قوم کی آزادی اور حق خودارادیت کا مسئلہ ہے جس کو اقوام متحدہ نے تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوں کو یہ حق دینے کا وعدہ کررکھا ہے جسے اقوام متحدہ مجرمانہ اور مکارانہ انداز سے پہلو تہی کررہی ہے

مقررین نے کہا کہ آج کے دن ہم حکومت پاکستان کو باور کروانا چاہتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے ایک وکیل کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اگر وہ ایسا نہیں کر سکتی تو کشمیریوں کے راستے کی تمام رکاوٹیں ختم کرتے ہوئے انہیں یہ حق دے کہ وہ خوداپنی آزادی کی جدوجہد جاری رکھ سکیں اور دنیا کو اس حوالہ سے اپنا ہمنوابناتے ہوئے اپنے وسائل اور طاقت کے بل بوتے پر اپنی آزادی کو حاصل کریں

اس موقع پر مقررین نے حکومت پاکستان کو یہ بھی باور کروایا کہ ہمارے لئے پاکستان مکہ ومدینہ کے بعد مقدس ترین سرزمین ہے جو ہماری جانوں سے زیادہ عزیز ہے اور اس بات کا ثبوت ہمیشہ کشمیریوں نے اپنا گرم لہو پیش کر کے دیا ہے لیکن ہم کسی کو بھی اپنی سرزمین کے بٹوارے یا اپنی آزادی کی منزل کو کھوٹا کرنے کی اجازت نہیں دینگے جو تھک گیا ہے یا اسکی مجبوریاں ہیں تو وہ ہمیں دھوکے میں نہ رکھے ہمیں صاف صاف بتادے ،ہمارے آباواجداد نے یہ آزادخطہ بھی لڑ کر حاصل کیا ہے اور بقیہ کشمیر بھی ہم حاصل کرکے دم لیں گے۔ہمارا دنیا کو پیغام ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل سے عملی اقداما ت اُٹھائے ایسا نہ ہو کہ پوری دنیا اس کی لیپٹ میں آجائے ۔