سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے 14اگست کو منائے جانے والے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کو اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ اس نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں تمام بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کو ظالمانہ طریقے سے چھین لیا ہے۔ حریت رہنماؤں بلال احمد صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، فیاض حسین جعفری، غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، ایڈووکیٹ ارشد اقبال، حفظہ بانو، فریدہ بہن جی، یاسمین راجہ، مولانا مصعب ندوی، عبدالصمد انقلابی، سید سبط شبیر قمی، غلام نبی وار، جاوید احمد میر اور معراج الدین شیخ نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان نہ صرف جنوبی ایشیا کے مسلمانوں بلکہ پوری امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا قیام اللہ تعالی کی طرف سے برصغیر کے مسلمانوں پر ایک غیر معمولی احسان ہے۔
انہوں نے کشمیر کاز کی مسلسل سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینرغلام محمد صفی ، جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمدشاہ، محمود احمد ساغر، مشتاق احمد بٹ، الطاف حسین وانی، شمیم شال، اعجاز رحمانی، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، حاجی محمد سلطان، زاہد اشرف، زاہد صفی، سید منظور احمد شاہ، الطاف احمد بٹ، شیخ عبدالماجد، اشرف ڈار ، سید گلشن احمد اور دیگر نے اسلام آباد سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام کے دل پاکستانی عوام کے دلوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس لازوال رشتے کو ختم نہیں کرسکتی۔ .انہوں نے کہاکہ 14اگست 1947ایک تاریخی دن ہے جب پاکستان معرض وجود میں آیا تھا اور جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست دینے کے لیے دو قومی نظریہ کے بنیادپر برصغیر کو تقسیم کیا گیا تھا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ماضی کی طرح سیاسی اور سفارتی سطح پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ جب تک کشمیر بھارت کی غلامی سے آزاد نہیں ہو جاتا ،ایک متحرک، مستحکم اور خوشحال پاکستان کا خواب ادھورا رہے گا۔