برہان الدین حجازی تحریک آزادی کشمیر کے بے بدل سالار تھے، سید صلاح الدین


مظفر آباد(صباح نیوز) امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد  نے کہا ہے کہ حز ب المجاہدین کے ڈپٹی سپریم کمانڈر علی محمد ڈار المعروف برہان الدین حجازی تحریک آزادی کشمیر کے بے بدل سالار اور حکمت و تدبر سے پر تھے۔ان کی شہادت نے ہزاروں برہان پیدا کیے جو آج بھی غاصب بھارت کے خلاف برسر پیکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے جو شہید علی محمد ڈار کے 26ویں یوم شہادت کے موقع پر منعقد ہوئی۔ سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ برہان الدین حجازی پولیس میں ایک اعلی عہدے پر فائز تھے لیکن  1989 میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے جدوجہد کا بگل بجتے ہی نوکری کو لات مار کر اس جدوجہد کا حصہ بنے اور حزب المجاہدین میں شمولیت اختیار کرلی۔ان کے ہاتھوں سینکڑوں مجاہدین تربیت حاصل کرکے مرتبہ شہادت پر فائز ہوئے جبکہ آج بھی انہی کے تربیت یافتہ لوگ بھارتی قبضے کے خلاف جدو جہد میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علی محمد ڈار نے اپنا سب کچھ تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے قربان کیا۔درجنوں مرتبہ کنٹرول لائن کو اپنے پاؤں تلے روندھ ڈالا۔ وہ سادگی میں اپنی مثال آپ تھے اور شہادت کے آخری ایام تک اسی سادگی کو اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنایا تھا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے چپے چپے کا دورہ کرکے مجاہدین کو دشمن کے خلاف متحرک رکھا۔ وہ خودبھی سخت جان تھے اور مجاہدین کو کندن بنانے کے قائل تھے۔وہ سخت کوشی کو ہمیشہ ترجیح دیتے تھے کہ خون بچانے کیلئے پسینہ بہانہ ہی عقل مندی ہے۔وہ اس قدر ذہین و فطین تھے کہ پہلی ہی ملاقات میں پاؤں سے لیکر سر تک واقف ہوتے تھے۔ان کی تربیت کا یہ عالم تھا کہ نماز میں مجاہدین کے الٹے پاوں کا جائزہ لیکر مشاہدہ کرتے کہ کون بلند و بالا پہاڑوں کو سر کرسکتا ہے۔

سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ بالاخر 09 اگست 1998 میں سرینگر میں دشمن کیساتھ ایک خونریز جھڑپ میں مرتبہ شہادت پر فائز ہوکر ابدی زندگی پالی۔ان کے ساتھ توصیف بھائی اور علی محمد عرف علی فوجی بھی اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں۔حزب المجاہدین وعدہ بند ہے کہ ان قربانیوں کیساتھ ہر حال میں وفا کی جائے گی جو بھارت کے ناجائز،غاصبانہ ،غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضے کے خاتمے کیلئے دی گئیں اور آج بھی قر بانیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔