سری نگر(کے پی آئی) کشمیری عوام اس دفعہ بھی 14 اگست کو یوم آزادی پاکستان منائیں گے جبکہ 15 اگست کو نام نہاد بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منائیں گے ۔ نام نہاد بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے ۔ ادھر کشمیریوں کو نام نہاد بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے سے روکنے کے لیے چھاپوں محا صروں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے سرکاری ملازمین کو نام نہاد بھارتی یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت لازمی قرار دے دی گئی ہے ۔
ایک سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین جو کہ سرینگر اور جموں میں تعینات ہیں ڈیوٹی کے طور پر بخشی اسٹیڈیم سرینگر اور مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں 15 اگست کو یوم آزادی کی مرکزی تقریبات میں لازمی شرکت کریں۔اس حوالے سے باضابط طور ایک حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ملازم کی غیر حاضری صرف اپنے اعلی افسر کی پیشگی اجازت کے ساتھ ہی جائز ہوگی۔حکم نامے میں تمام انتظامی سیکرٹری، محکموں کے سربراہان، منیجنگ ڈائریکٹرز ،چیف ایگزیکٹیوز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے سرینگر اور جموں میں تعینات تمام افسران اپنے متعلقہ مقامات پر تقریب میں شرکت کو یقینی بنائیں ۔