آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے


اسلام آباد:جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ یوم یک جہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرنا ہے ۔

اس موقع پرمظلوم کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر اور عالمی برادری کو دیرینہ تنازعہ کے حل کے حوالے سے اس کی ذمہ داریاں یاد دلائی جائیں گی ۔ یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پرآج چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان آزاد کشمیر اور وفاقی دارلحکومت میں عام تعطیل ہے۔یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جلسوں اور احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ جبکہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت خانوں میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی تقاریب منعقد ہوں گی، تقاریب میں بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کریں گے۔

پاکستان میںدن کا آغاز پاکستان کی ترقی و خوشحالی،شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور جموں و کشمیر کی بھارتی قبضے سے جلد آزادی کے لیے خصوصی دعاوں سے ہوا۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی طرف سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ حق خودارادیت کے حصول کی جدجہد میں مصروف کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جا سکے۔قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے ریلیوں، جلسوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔