پانچ اگست 2019تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طورپریاد رکھا جائے گا۔محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ 05اگست 2019تاریخ میں ہمیشہ سیاہ دن کے طورپریاد رکھا جائے گا،امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پرملک بھرکی طرح صوبہ سندھ میں بھی کل 5اگست کومقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کیساتھ بھرپوراظہاریکجہتی کے دن کے طورپرمنایاجائے گا۔

صوبائی امیرنے وڈیوپیغام میں مزیدکہاکہ مودی کی کشمیریوں کو یرغمال بنائے رکھنے والی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی،تمام ریاستی جبروتشددکے ذریعے زیادہ دیرتک کشمیریوں کو اپنے بنیادی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا ہے۔ 5 اگست 2019 کے اقدامات کو واپس ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل، تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی اور بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ 5 اگست 2019ء مقبوضہ جموں و کشمیر کے لئے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے۔ پانچ سال کے مسلسل فوجی اور پولیس محاصرے، ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے پورے علاقے میں تباہی مچا دی ہے جسے بھارت کی فرقہ پرست ہندوتوا حکومت نے ایک ٹارچر سیل میں تبدیل کر دیا ہے۔بانی پاکستان حضرت قائداعظم  نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں کونکہ کشمیر کے بغیرپاکستان نامکمل ہے۔پوری قوم اپنے مظلوم کشمیری بھائوں کے ساتھ کھڑی ان پرہونے والے انسانیت سوزمظالم کے خلاف ہرفورم پرصدائے احتجاج بلند کیا جائے گا اورپانچ اگست کے دن تجدید عہدکیاجائے گاکہ کشمیرکی آزادی تک غاصب وظالم ملک بھارت سے جنگ جاری رہے گی۔
علاوہ ازیں معروف ماہر امراض چشم اورجماعت اسلامی کے دیرینہ رکن ڈاکٹر عمران غیور کی اہلیہ کی وفات پرجماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی،جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا نے دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔