کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے حیدرآباد سیری تھانے کے حد گائوں مٹھو ملاح میںمیں پیپلزپارٹی کے مقامی وڈیرے اور آغا سراج درانی کے قریبی عزیز آغا زبیر درانی کے ہاتھوں 09سالہ معصوم بچے طاہرملاح کو بدترین تشدد کے بعد گولیاں مارکر قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے وڈیرے 16سالہ اقتدار کی بدولت بدمست ہاتھی بن چکے ہیں جن کے ہاتھوں عوام کی جان ومال محفوظ نہیں ،ناظم جوکھیو، فاطمہ فرڑو، ام رباب چانڈیو کے پورے خاندان سمیت مختلف واقعات میں معصوم لوگوں کو طاقت کے نشے میں بدمست وڈیروں نے قتل کردیا لیکن سندھ پولیس اور آئین وقانون کے پابند سیکورٹی ادارے مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔
انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ سیری تھانے کے حد میں بکریاں کھیت میں جانے کی وجہ سے آغازبیر درانی نے نوسالہ بچے کو تشدد اور بعدازاں گولیاں مارکر قتل کردیا، ورثاء حیدرآباد بدین روڈ پر دلاش سمیت دھرنا دیکر بیٹھے ہوئے ہیں لیکن ابھی تک کوئی منتخب نمائندہ، سرکاری اہلکار ان کو انصاف دلانے کیلئے نہیں آیا ہے جس سے سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کے مقامی نمائندوں کی بے حسی اور عوام سے لاتعلقی کھل کر سامنے آگئی ہے۔سندھ کے عوام ڈاکو راج، بھوک،بدحالی، بدترین مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں تودوسری جانب حکومتی طاقت کے بل بوتے پر بدمعاشی اور غنڈہ گردی کرنے والے وڈیروں کے رحم وکرم پر ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی کے وڈیرے طاقت کے نشے میں دھت ہوکر عوام کی جان ومال اور عزتوں کے درپے ہوچکے ہیں سندھ حکومت عوام کو رلیف تو دور کی بات اب تحفظ دینے کیلئے بھی تیار نہیں ہے، طاقت کے نشے میں مست وڈیرے کی فرعونیت کا شکار ہونے والے معصوم بچے کے لواحقین کو انصاف دلانے کیلئے جماعت اسلامی ہر فورم پر احتجاج کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی گذشتہ 16سالوں سے اقتدار میں ہونے کے باوجود سندھ کے عوام کو کسی قسم کا رلیف دینے، صحت، تعلیم، روزگار اور صاف پانی جیسی سہولیات فراہم کرنا تو دور کی بات لیکن اب اقتدار کے نشے میں دھت ہوکر عوام کے جان ومال سے کھیلنا شروع کردیا ہے جو سندھ کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، سندھ پولیس عوام کو تحفظ دینے کی بجائے اقتداری پارٹی کے وڈیروں کی کمداری کرنے میں مصروف ہے۔ابھی تک زبیردرانی کیخلاف قتل کی ایف آئی آر درج نہیں ہوسکی ہے،
جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ سندھ ہائی کورٹ ازخود نوٹیس لیکر مقتول بچے طاہر ملاح کے لواحقین کو انصاف دلانے کیلئے کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے مقدمے میں درج لوگوں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔دریں اثناء جماعت اسلامی کے مقامی رہنماء ایڈوکیٹ نعیم مغل،باقر نظامانی نے بھی لواحقین کے ساتھ دھرنے میں شرکت کی اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔