کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی نے کراچی میں لوڈشیڈنگ ،مہنگی بجلی آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں اور بجٹ میں تنخواہ دار طبقے وتاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف کراچی میں گورنر ہاؤس پر دھرنے کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا ،دھرنا ہفتہ 3اگست سے شروع ہوگا۔علاوہ ازیں جمعہ 2اگست کو شہر بھر کی مساجد میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی ، اسرائیل و امریکہ کی مذمت اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا ۔دھرنے کی نئی تاریخ کا فیصلہ امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں کراچی کے ذمہ داران کے اہم اجلاس میں کیا گیا اور طے کیاگیا کہ دھرنے کے شرکاء امرائے اضلاع کی قیادت میں شام 5بجے جامع مسجد خضراء صدر پہنچیں گے اور گورنر ہاؤس تک پیدل مارچ کیا جائے گا ۔
منعم ظفر خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گورنر ہاوس پر دھرنا راولپنڈی دھرنے کا تسلسل اور اس سے اظہار یکجہتی کے لیے دیا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میں ناجائز ٹیکسز،ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں، آئی ایم ایف کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس واپس لیے جائیں، جاگیرداروں اور طبقہ اشرافیہ پر ٹیکس لگایا جائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے فارنزک آڈٹ کیا جائے۔ لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ اور سستی بجلی فراہم کی جائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ کے الیکٹرک کو فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مزید5.45روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔ کے الیکٹرک کو بنیادی ٹیرف میں اضافے اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر مسلسل نوازا جارہا ہے ،نیپرا ،حکومت اور کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کے خلاف گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے ۔آئی پی پیز کی طرح کے الیکٹرک سے بھی ڈالروں میں معاہدہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
کراچی کے عوام،تاجر،مزدور،وکلا، طلبہ،اساتذہ،علما سمیت ہر طبقہ زندگی کے افرادگورنر ہاؤس دھرنے میں بھرپور شرکت کریں اور حکمرانوں کے خلاف عوامی جدوجہد و مزاحمت کا حصہ بنیں۔ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کی لوٹ مار سمیت اہل کراچی کو درپیش پرمسئلے پر آواز اٹھائی ہے اور کراچی کے عوام کی حقیقی ترجمانی کی ہے ،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو لوٹا اور تباہ وبرباد کیا ہے ،عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کیاہے ،جماعت اسلامی نے حق دو کراچی تحریک کے بعد پورے ملک میں حق دو عوام کوتحریک شروع کردی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن کی زیر قیادت مری روڈ پر احتجاجی دھرنا جاری ہے، اسلام آباد کا ڈی چوک بھی کوئی دُور نہیں، ہمارے پاس تمام آپشنز کھلے ہیں، حکومت کو عوام کو ریلیف دینا پڑے گا۔