مسلح افواج کاپاکستان میں انتہائی اہم کردار ہے،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطابندیال


اسلام آباد (صباح نیوز)چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطابندیال نے کہا ہے کہ مسلح افواج کاپاکستان میں انتہائی اہم کردار ہے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے فوجی جوان جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،

کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے 49 رکنی وفد نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے ملاقات کی ہے ،وفد میں 20دوست ممالک کے شرکا شامل تھے۔چیف جسٹس نے لیفٹیننٹ کرنل ہاشم اقبال باجوہ کی سربراہی میں آنے والے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے وفدکو آئین پاکستان کا عمومی جائزہ پیش کرتے ہوئے اختیارات کی سہہ جہتی تقسیم ،پارلیمنٹ ،انتظامیہ  اورعدلیہ  کے تینوں ستونوںسے متعلق آگاہی فراہم کی،

ترجمان عدالت عظمی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے وفد کو نظام عدل، انصاف کی فراہمی، ملک بھر کی عدالتوں کے دائرہ اختیار سماعت اور بنیادی آئینی حقوق سے متعلق آگاہ کیا، اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے وفد کو بتایا افواج پاکستان کاملک کیلئے اہم کردار ہے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے فوجی جوان جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہیں  جس کی وجہ سے انہیں انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،

چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ  افواج پاکستان کو آئین کے تحت ریگولیٹ کیا جاتا ہے ،افواج پاکستان  مخصوص حالات سیلاب، زلزلہ  سمیت دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سویلین جمہوری حکومتوں کی معاونت بھی کرتی ہیں ، ان کا کہنا تھاکہ ، پچیسویں آئینی ترمیم کے سبب کے پی میں اضلاع کے انضمام سے قانون کی حکمرانی یقینی بنائی گئی ہے ملاقات کے دوران شرکا کے ساتھ  سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا،وفد نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو شیلڈ پیش کی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے بھی وفد کو شیلڈ پیش کی۔