ماہ جنوری میں ملکی برآمدات میں 18.7فیصد کا اضافہ ہوا،عبدالرزاق داؤد 


کراچی(صباح نیوز) رواں مالی سال جنوری میں 2ارب 54کروڑ 60لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ماہ جنوری میں گزشتہ مالی سال جنوری کے مقابلے میں برآمدات میں 18.7فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال جنوری میں 2ارب 14کروڑ 50لاکھ ڈالر کی برآمدات تھیں، جبکہ رواں مالی سال جنوری میں 2 ارب 54کروڑ 60لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔

مشیر تجارت کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7ماہ میں برآمدات میں 24فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 14ارب 25کروڑ 50لاکھ ڈالر برآمدات تھیں، جبکہ رواں مالی سال اب تک 17ارب 67کروڑ 10لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئی ہیں۔

عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ ماہانہ بنیادوں پر درآمدات میں کمی کا رجحان بھی نظر آرہا ہے، دسمبر 2021کے مقابلے میں جنوری 2022میں درآمدات میں 22 فیصد کی کمی ہوئی، دسمبر میں درآمدات 7ارب 58کروڑ ڈالر کی تھیں، اور جنوری 2022میں درآمدات 5ارب 90کروڑ 80لاکھ ڈالر کی درآمدات ہوئیں، جب کہ جنوری 2021 میں 4ارب 80کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی درآمدات تھیں۔