کراچی (صباح نیوز)اسلامی جمعیت طالبات اپنے قیام کے اول روز سے ہی ملک کے طول و عرض میں موجود طالبات میں اسلامی تعلیمات ، اس کے واضح نصب العین اور اسلامی اخلاقیات کی ترویج کے لیے ہمیشہ سے کوشاں رہی ہے۔ یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے نظم اسلامی جمعیت طالبات صوبہ سندھ کے ساتھ صوبائی دفتر مسجد قبا میں نشست میں کہی۔
نشست میں معتمدہ صوبہ سندھ حلقہ خواتین عزرا جمیل نگران نشر و اشاعت صوبہ سندھ صائمہ افتخار ، ناظمہ صوبہ سندھ اسلامی جمعیت طالبات حلیمہ سعدیہ ، معاون صوبہ سندھ سارہ فردوس ،ناظمہ اسلامی جمیعت طالبات کراچی سعدیہ عارف اور معاون کراچی اریبہ شیخ موجود تھیں۔ رخشندہ منیب نے مزید کہا کہ پاکستان کا قیام دراصل اسلامی نظریے کے نفاذ کے لیے تھا لیکن آج 77 سال گزر جانے کے باوجود بھی ہم اس ملک میں اسلامی نظام کو نافذ نہیں کر سکے ہیں اسی لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ طالبات کو اسلام کی حقانیت اور اس کے فوائد سے آگاہ کیا جائے۔ اسلامی جمعیت طالبات کے تحت منظم جدوجہد کو جاری رکھا جائے اور اپنے نصب العین کے حصول کے لیے سرگرم یہ تحریک ہر طالبہ تک یہ پیغام پہنچائے کہ معرکہ حق و باطل میں محض تماشائی نہیں بننا ہے بلکہ بدی کے مقابلے میں نیکی کی منظم قوتوں کے ہاتھ مضبوط کرنا ہے اور باطل کے مخالفت میں صف آرا ہو کر ثابت کیا جائے کہ اج بھی حضرت عائشہ کی سی علم دوستی ، حضرت خدیجہ کی سی اطاعت و فرمانبرداری کے نمونے مل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصا سندھ کی سرزمین میں جہاں جہالت کی وجہ سے دین سے دوری پائی جاتی ہے وہاں پر نوجوان بچیوں تک دین کی دعوت پہنچانے اور انہیں اسلام کا صحیح فہم دینے اس وقت کا بہت بڑا چیلنج ہے ۔ علاوہ اذیں طالبات نے صوبہ سندھ میں کاموں کے پھیلا وکے حوالے سے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا ۔جس پر ناظمہ صوبہ کی جانب سے مشورے دیے گئے اور مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی گئی۔