یونیورسٹیوں میں منشیات کے استعمال سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔فیصل کریم کنڈی

پشاور(صباح نیوز)کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیر الدین نے گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہائوس پشاور میں ایک اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں یونیورسٹیوں کو درپیش تعلیمی اور مالی مسائل زیر بحث آئے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیر الدین نے گورنر کو پنشن، تنخواہوں اور دونوں یونیورسٹیوں کو درپیش بجٹ کی رکاوٹوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر نے ان مسائل کو مئوثر طریقے سے حل کرنے کے لیے  فنڈنگ اور پائیداروسائل کی ضرورت پر زور دیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیر الدین نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ اس دورے سے گورنر کو یونیورسٹیوں کو درپیش آپریشنل مسائل اور چیلنجوں کے بارے میں مزید اگاہی ملے گی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے یونیورسٹیوں میں منشیات کے استعمال سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی بیرونی دبا ئوسے تعلیمی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی یونیورسٹییاں مئوثر انتظام اور وسائل کو متحرک کرنے کی کوششوں کے ذریعے مالی خودمختاری کے لیے جدوجہد کریں۔گورنر کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیر الدین نے امیدظاہر کی کہ ان کی متحرک چانسلر شپ کے تحت، خوشحال خان خٹک یونیورسٹی، کرک اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی دونوں اپنے موجودہ چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ طلبا کو معیاری تعلیم حاصل ہو گی جو انہیں مالی استحکام اور عملی زندگی میں کامیابی کے لییتیار کرے گی۔گورنر نے خیبرپختونخوا کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی بہتری اور ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کا اعادہ کیا۔