نارووال(صباح نیوز)جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری نصراللہ گورائیہ نے کہا ہے کہ حکومت کو سیاسی شہید نہیں بننے دینگے۔ہماری جدوجہد پرامن ہو گی۔ بجلی کے بلوں اوربڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے، موجودہ حکومت عوام کوریلیف دینے میں مکمل طورپرناکام ہوچکی ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے 26 جولائی کو اسلام آباد میں ملک گیراحتجاجی دھرنا دے گی ، نارووال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام کے حقوق کی بحالی تک احتجاج جاری رہے گا ۔
اس موقع پرچوہدری محمد صادق تتلہ ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع نارووال، انوارالحق بٹ نائب صدراور میاں سہیل منصورایڈووکیٹ سٹی صدر بھی موجود تھے۔ نصراللہ گورائیہ و دیگرقائدین جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان 10 ممالک میں ہوتا ہے کہ جن کے اندر کوئلے کے ذخائر سب سے زیادہ موجود ہیں۔ان ذخائر سے 100 سال تک بجلی پیدا کر سکتے ہیں ۔بجلی کی اصل قیمت کے علاوہ1300 قسم کے ٹیکس لگا دیئے گئے ہیں ۔ دوسری طرف بااثر لوگ بجلی چوری کومعمول بنا رکھا ہے اس کا بوجھ غریب عوام پرڈال دیا گیا ہے ۔ مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ عام خوردونوش کی اشیا بھی عام آدمی کی قوت خرید سے دورہوتی جارہی ہیں۔ مہنگائی کی وجہ گھریلولڑائیاں بڑھ رہی ہے ۔ ان حالات میں جماعت اسلامی نے عوام کی آواز بننے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری وزیراعلی کے وہ وعدے کہاں گئے جب وہ کہتی تھیں کہ 200 یونٹ فری دونگی ۔جب آپ بجلی کا بل ادا کرنے جائیںگے تو آپ کو وہاں جاکر معلوم ہوگا کہ ہمارا بل حکومت نے ادا کر دیا ہے ۔
بلاول بھٹونے بھی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ہم عوام کو 300 یونٹ فری دیں گے۔ ہم عوام کے ان تمام مطالبات کو لے کرمیدان عمل میں نکل رہے ہیں ۔ تمام پولیٹیکل پارٹیز کو عوام کے حقوق کی ترجمانی کی دعوت رہے ہیں کہ ائیے ہم سب مل جل کر اس ظلم کے خلاف اپنی اواز کو بلند کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو گرانے کے لئے نہیں نکل رہے ، صرف عوام کے جائز مطالبات کو منوانے کے لئے سڑکوں پرنکل رہے ہیں ۔ہم حکومت کو سیاسی شہید نہیں بننے دینگے ۔حکومت اپنے پانچ سال پورے کریں۔ہماری یہ جدوجہد پرامن ہو گی ۔ ان شا اللہ گوادر سے لیکر چترال اور نارووال ، شکرگڑھ کے عوام 26 جولائی کو پورے ملک سے غیور عوام نکل رہے ہیں ۔ عوام کو ریلیف دلاکر ہی دم لیں گے۔