اوکاڑہ (صباح نیوز) چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان سکندر سلطان راجہ نے پیر کو اوکاڑہ میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اوکاڑہ کے نئے تعمیر شدہ دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ جس کی تعمیر مقررہ مدت کے اندر مکمل کی گئی۔افتتاحی تقریب میں چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان نے نو تعمیر شدہ دفتر کا افتتاح کیا اور پوری عمارت کا مکمل دورہ کیا ۔ انہوں نے تعمیر کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان ، ریجنل الیکشن کمشنر ساہیوال سید باسط علی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اوکاڑہ محمد شفیق، الیکشن آفیسر قمر حسنین اور PWD کی طر ف سے XEN مدثر اصغر اور زاہد کامران کو تعمیری منصوبہ بروقت مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ قدم عوام کے اعتماد کو بڑھانے اور انتخابات کے عمل کو بہتر بنانے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے۔انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ اس احسن اقدام سے اوکاڑہ کی عوام بہتر سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔نئے تعمیر کئے گئے دفتر میں جدید انفراسٹرکچر، اعلی معیار کے کمیونیکیشن سسٹمز اور بہترین فائل مینجمنٹ سسٹم شامل ہیں جو الیکشن کے تمام مراحل کو زیادہ آسان اور موثر بنائیں گے۔
اس کے علاوہ، دفتر میں عوام کو الیکشن سے متعلق سہولیات مہیا کرنے کے تمام تر تقاضوں کو پورا کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کا یہ قدم اس بات کا عکاس ہے کہ وہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدرانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور عوام کی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔