پنجاب کی عوام کی سہولت کی خاطرصوبہ بھر میں نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھارہے ہیں،ڈاکٹریاسمین راشد


لاہور (صباح نیوز)  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں اجلاس منعقدہوا،جس میں گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈ بلاک کی سٹیئرنگ کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان،ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسرڈاکٹرمحمدسلیم،پروفیسرڈاکٹرعائشہ،ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹراطہر،پروفیسرڈاکٹرنورین اکمل، پروفیسرڈاکٹرنوید، ڈاکٹرصوفیہ، پروفیسر ڈاکٹر عرفان، ڈاکٹرعمران وحید،پروفیسرجاویدچوہدری اور سی اینڈڈبلیوکے افسران نے شرکت کی۔ وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکاسٹیئرنگ کمیٹی کے ممبران سے مدراینڈچائلڈبلاک میں مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ پنجاب کی عوام کی سہولت کی خاطرصوبہ بھر میں نئے سرکاری ہسپتالوں کا جال بچھارہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ کسی کو صحت کی سہولت حاصل کرنے میں کوئی پریشانی نہ آئے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کی عوام کیلئے صحت کی بہترسہولیات فراہم کرناریاست مدینہ کی جانب بنیادی قدم ہے۔بطورحکومت عوام کو صحت کی بہترسہولیات دیناہماری اولین ذمہ داری ہے۔وزیراعظم عمران خان عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب میں مدراینڈچائلڈ ہسپتالوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے گا۔پنجاب میں دوران زچگی ہزاروں ماؤں اور بچوں کی زندگی بچانے کیلئے مدراینڈچائلڈ ہسپتال بنیادی کرداراداکریں گے۔پاکستان میں ہر سال سینکڑوں مائیں اور بچے دوران زچگی زندگی کی بازی ہارجاتے ہیں۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ تما م مدراینڈچائلڈ ہسپتالوں کو نیاپاکستان قومی صحت کارڈکیلئے ام پینل کیاجائے گا۔گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک میں مختلف شعبہ جات سٹیئرنگ کمیٹی کے ممبران کی قیمتی آراء کے مطابق قائم کئے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیرصحت نے مزیدکہاکہ مدراینڈچائلڈبلاک میں 4خصوصی یونٹس قائم کئے جائیں گے۔مدراینڈچائلڈبلاک کی چھت تلے ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے ہرقسم کی طبی سہولت فراہم کی جائے گی۔مدراینڈ چائلڈ ہسپتال ہزاروں ماؤں اور بچوں کی زندگی کے ضامن بنیں گے۔مدراینڈ چائلڈہسپتال پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا منفردہسپتال ہوگا۔وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارخود تمام زیرتعمیر مدراینڈچائلڈ ہسپتالوں پرجاری پیش رفت کا جائزہ لے رہے ہیں