بارشوں اور سیلابی ایمرجنسی میں ریسکیو،ریلیف کیلئے الخدمت فاؤنڈیشن کے ایمرجنسی سنٹرز قائم

راولپنڈی (صباح نیوز) چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ ومرکزی نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اعجازاللہ خان نے کہاہے کہ بارشوں او ر ممکنہ سیلاب کے پیش نظرمرکزی ،ریجنل اور علاقائی سطح پر فلڈ ایمرجنسی سنٹرز قائم کردئیے جہاں ہنگامی صورتحال سے نمنٹے کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں ، آزادکشمیر سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں میں ریجنل سطح پرالخدمت ڈیزاسٹرمینجمنٹ ٹیموں اور رضاکاروں کی پر ی مون سون ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔سوات،کراچی،سکھر،راولاکوٹ ،کوئٹہ ،گوادر ،تونسہ شریف،راجن پورمیں ڈیزاسٹرٹیموں اور رضاکاروں کی ٹریننگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ حیدرآباد،بلوچستان،جنوبی پنجاب،گلگت بلتستان میں اگلے چند دنوں میں شیڈول کے مطابق پر ی مون سون ٹریننگ ہوگی۔

مرکزی اور علاقائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کے، کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اعجازاللہ خان نے کہاکہ نشیبی علاقوں میں سیلاب او ر پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائڈنگ جیسے خطرات کے پیش نظرہرسطح کی ٹیم اور رضاکارہرلمحہ الرٹ رہیں اور خدانخواستہ کسی آفت یاحادثے کی صورت کوئیک رسپانس کے تحت متاثرین کو ریسکیوکرکے محفوظ مقامات تک پہنچایاجائے ۔ریسکیو آلات ،خیمے، مچھر دانیاں، ترپال علاقائی گوداموں میں روانہ کردئیے ہیں انھوں نے کہااپنی جان خطرات میں ڈال کرمتاثرین کوریسکیو کرنے والے رضاکارالخدمت کا اثاثہ ہیں ۔