بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس،پرویزخٹک کا بیان قلمبند


راولپنڈی (صباح نیوز) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔

ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کی، سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور سابق وزیر زبیدہ جلال عدالت میں پیش نہ ہوئیں، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے وکلا عثمان ریاض گل اور چوہدری ظہیر عباس عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے امجد پرویز، سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کے بیان کے دوران بانی پی ٹی آئی  روسٹرم پر آگئے، پرویز خٹک کے بیان کے دوران بانی پی ٹی آئی مسکراتے رہے۔پرویز خٹک کے بیان کے دوران سابق وزیراعظم نے کہا کہ اب تو نواز شریف کے فلیٹ بھی پاکستان واپس آنے چاہئیں۔بعد ازاں پرویز خٹک اپنا بیان 15 منٹ میں ریکارڈ کروا کر واپس چلے گئے، بنی گالا اسلام آباد کے پٹواری عباس گورایا پر جرح بھی مکمل کرلی گئی۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 13جولائی تک ملتوی کر دی۔