لاہور (صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا کہ حکومت سی ٹی بی ٹی پر دستخط کر کے ایٹمی پروگرام کو بیچ دیتی تو شاید ملک کو اتنا نقصان نہ پہنچتا جتنا نقصان مہنگی بجلی اور آئی پی پیز معاہدوں پہنچادیا ہے ، مہنگی بجلی کی وجہ سے عوام بے حال ہیں،انڈسٹری،کارخانے بند ہورہے ہیں،پاکستان انڈسٹری کی بجائے کنزیومر انڈسٹری بن چکا ہے، لوگ انڈسٹری دوسرے ملکوں میں منتقل کررہے ہیں،12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا جماعت اسلامی ذاتی مفاد یا سیاست کے لئے نہیں دے رہی بلکہ ہم 25کروڑ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔حکومت کو انتباہ کرتے ہیں کہ دھرنے کے راستے میں محرم الحرام سمیت کسی بنیاد پر بھی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کرے۔یہ ہمارا جمہوری حق ہے جس کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے تاہم حکومت کو آگاہ ضرور کر دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری اور مرکزی سیکرٹر ی اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیرالعظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی ایشو کے اوپر دھرنا دینے جارہی ہے، مہنگی بجلی کی وجہ سے عوام بے حال ہیں،انڈسٹری،کارخانے بند ہورہے ہیں،پاکستان انڈسٹری کی بجائے کنزیومر انڈسٹری بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ انڈسٹری دوسرے ملکوں میں منتقل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کپیسٹی چارجز کے نام پراب تک 42 ارب ڈالربطور سرچارج آئی پی پیز کو دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو دھوکہ دینے کے لئے حکومت چاہے جتنے بھی پیکج انائونس کرے اسے کو متنبہ کررہے ہیں کہ اب ان کی قلابازیاں نہیں چلیں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیرف پر نظرثانی، سولر پینلز کی فراہمی کے بیانات ڈرامہ ہیں،اصل معاملہ تو آئی پی پیز کو دیئے جانیوالے کپیسٹی چارجز ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دوران ملک گیر ہڑتال کا بھی اعلان ہوسکتا ہے،آئی پی پیز کے سامنے عوامی عدالت بھی لگائیں گے۔حکومت کو اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے آگاہ کردیا ہے،ان سے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ پرامن احتجاج،دھرنا ہر سیاسی،جمہوری جماعتوں کا حق ہے۔
امیر العظیم نے کہا کہ عوام اس وقت جماعت اسلامی کی سوچ کے ساتھ کھڑی ہے،پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنے کی دعوت دیتے ہیں۔ امیرجماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری نے کہا کہ پنجاب کی تاجر برادری نے دھرنے کی حمایت کا اعلان کیا ہے،حکومت اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ دھرنے کو کسی طاقت کے ذریعے روک سکے گی،دھرنے میں خواتین، نوجوان، بزرگ تمام طبقے کے لوگ شریک ہوں گے