اسلام آباد(صباح نیوز)حکومتی وزراء نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی دشمنی میں معروف کشمیری ڈاکٹر فیاض شال کو بھی بھارتی قرار دے دیا۔جس پر کشمیری حلقوں کی جانب سے شدید رد عمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہورہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی تھی ۔وہ رپورٹ ڈائریکٹر انٹروینشنل کارڈیالوجی واشنگٹن ایڈونٹ ہسپتال ٹیکوماپارک میری لینڈ ڈاکٹر فیاض شال نے تیار کی تھی۔حکومتی ترجمانوں کی جانب سے اس رپورٹ کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھاکہ یہ رپورٹ بھارتی ڈاکٹر نے تیار کی ہے۔
حکومتی وزراء اور ترجمانوں کے ان بیانات پر کشمیری حلقوں نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی دشمنی میں حکومتی وزراء کی طرف سے کشمیر سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر فیاض شال کو بھارتی قرار دینا قابل مذمت ہے۔کشمیری حلقوں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارتی پاسپورٹ پر سفر کرنا ہماری مجبوری ہے مگر متنازعہ علاقوں کے رہنے والوں کو حکومتی وزراء کی طرف سے بھارتی قرار دینا قابل مذمت ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر فیاض شال واشنگٹن ڈی سی میں واقع انٹروینشن کارڈیوویسکولر میڈیسن جارج واشنگٹن یونیورسٹی میں پروفیسر بھی ہیں اور ان کا شمار معروف ماہرین امراض قلب میں ہوتا ہے۔ڈاکٹر شال نے کشمیر میڈیکل کالج سے 1972ء میں میڈیکل کی ڈگری حاصل کی تھی۔1977ء میں ڈاکٹر شال امریکہ گئے۔جہاں انہوں نے والٹر ریڈآرمی میڈیکل سنٹر میں اپنی کارڈیالوجی فیلو شپ مکمل کی۔