پیپلز پارٹی کی (ن)لیگ سے صلح ہوگئی،یوسف رضا گیلانی


ملتان (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی مسلم لیگ (ن)سے صلح ہوگئی ہے۔

جہلم پیر پشاوری کے سالانہ عرس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میڈیا والے پیچھے رہ گئے ہیں، نیوز نہیں بناسکے، (ن)لیگ نے پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کردیئے ہیں، دونوں جماعتوں کی صلح ہوگئی ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی پی دھمکی دینے والی جماعت نہیں ہے، ہم حکومت کا حصہ نہیں ہیں، ان کی مدد کر رہے ہیں، معاشی صورت حال کو کنٹرول کرنے کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ حکومت مضبوط ہو۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ماضی میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن کے اقدامات کو سراہا گیا تھا، ماضی کے آپریشن میں متاثر ہونے والے 20 لاکھ افراد اب بھی کیمپوں میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کچھ لوگ وفاقی حکومت کو دھمکیاں دیتے ہیں اس پر نو کمنٹس۔