اولڈھم، برطانیہ(صباح نیوز)جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل نے بین الا قوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لئے اپنی تیز ترین مہم کا آغاز برطانیہ کے شہر اولڈھم سے کر دیا۔ اس سلسلہ میں برطانیہ کے شہر اولڈھم میں انتہائی اہم نوعیت کا اجلاس منعقد کیا گیا۔ برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر کی چیئر پرسن میڈم ڈیبی ابراھمز، لیبر فرینڈز آف کشمیر کے چیئر مین اینڈریو گوئن اور سابق شیڈ و منسٹر ڈاکٹر افضل خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم نے تینوں پارلیمانی امیدواروں کی الیکشن مہم میں ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا جب کہ برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں اور پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 04 جولائی 2024 کو برطانیہ بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں صرف اور صرف کشمیر دوست امیدواروں اور ایسے تمام لوگوں کی بھرپور حمایت کریں جو کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے، بھارت میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے اور عالمی سطح پر کشمیریوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے چلے آرہے ہیں تا کہ ایسے امیدواران منتخب ہو کر برطانوی پارلیمنٹ میں برطانوی حکومت کے ساتھ اور دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا بھرپو ر موثر کردار ادا کر سکیں۔
ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، ستارہ پاکستان و دیگر عہدیداروں نے یہاں اولڈھم میں ایک خصوصی اجلاس میں کیا جس میں تینوں سابق ممبران برطانوی پارلیمنٹ نے شرکت کرکے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کے لئے خصوصا بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کروانے، محمد یاسین ملک و دیگر کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو ماضی میں بھی برطانوی پارلیمنٹ میں اجاگر کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی کشمیریوں کے کیس کو موثر انداز میں لڑنے کے لئے مقامی و بین الا قوامی سطح پرخصوصا اقوام متحدہ میں اپنی کوششیں کرتے رہیں گے تا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کو ان کا حق خود ارادیت مل سکے اور وہ بھی دیگر اقوام کی طرح آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر سکیں۔اس موقع پر جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین، ستارہ پاکستان نے اعلان کیا کہ سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈار کی قیادت میں تحریکی عہدیداران، تحریک سے وابستہ عالمی سطح پر کام کرنے والے کشمیریوں، کشمیریوں کے دوستوں،ممبران پارلیمنٹ، لارڈ میئرز، میئرز اور کونسلروں کی معاونت سے نہ صرف برطانیہ کے اندر موجودہ انتخابی مہم کے دوران بلکہ اس کے بعد بھی یورپ، مڈل ایسٹ، نارتھ امریکہ اور دنیا کے تمام ممالک میں جہاں بھی کشمیریوں کی آواز پہنچانا ممکن ہو سکتا ہے وہاں کونسلر یاسمین ڈار کی قیادت میں بھرپور مہم چلائی جائے گی جس کے لئے اجلاس میں موجود تینوں سابق ممبران برطانوی پارلیمنٹ نے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا جب کہ اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ڈیبی ابراھمز نے گذشتہ سات سالوں میں بحیثیت چیئر پرسن آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر جو کردار برطانوی پارلیمنٹ کے اندر، اپنے حلقے کے اندر،پاکستان اور آزادجموں وکشمیر جا کر کشمیریوں کی آواز بن کر اپنا حق ادا کیا ہے وہیں اولڈھم میں بسنے والے کشمیریوں کو ڈیبی ابرھمز کو ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے منتخب کروانا پڑے گا اور اس بات کا عملی ثبوت پیش کرنا پڑے گا کہ کشمیریوں کے لئے کام کرنے والے امیدواران کو نہ صرف کشمیری قد ر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بلکہ انہیں ہر الیکشن میں بھاری اکثریت سے منتخب کر کے تحریک آزاد کشمیر کے تسلسل کو اس وقت تک قائم رکھنا چاہتے ہیں جب تک ان کو ان کا حق خود ارادیت مل نہیں جاتا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کی آزادی کی تحریک میں جہاں بنیاد برطانیہ نے رکھی تھی وہیں مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے بعد برطانیہ ایک ایسا واحد ملک ہے جہاں ریاست جموں کشمیر کے عوام کا کیس موثر انداز میں لڑا جا رہا ہے۔ برطانوی الیکشن میں اس مرتبہ اکثریت کشمیر دوست لوگوں کی ہے جو ماضی میں کشمیریوں کی آواز بنتے رہے ہیں اور ایک مرتبہ پھر برطانوی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اور ان تمام کشمیر دوست لوگوں کے لئے جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم، تمام کشمیری، تمام پاکستانی، تمام ہم خیال جماعتیں، تمام ہم خیال گروپ اور کشمیریوں کے تمام ہمدرد تمام کشمیر دوست امیدواروں کو اپنے اپنے حلقوں سے برطانوی عام الیکشن میں بھاری اکثریت سے منتخب کروائیں گے تا کہ آنے والے برطانوی انتخابات کے بعد برطانوی پارلیمنٹ میں ایک انتہائی موثر کشمیر دوست گروپ قائم ہو سکے جس گروپ کی قیادت اور معاونت سے برطانوی پارلیمنٹ، یورپی پارلیمنٹ، اقوام متحدہ سے اور دیگر موثر بین الا قوامی اداروں سے کشمیر کے لئے بھرپور حمایت حاصل کی جا سکے اور انہیں ہر بین الا قوامی فورم پر کشمیریوں کا کیس لڑنے کے لئے اپنا ہمنوا بنایا جا سکے۔ ہم تمام کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ کے مشکور ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی کشمیریوں کی آواز برطانوی پارلیمنٹ میں اور بین الا قوامی سطح پر بلند کی ہے اور مستقبل میں بھی بھرپور طاقت اور قوت کے ساتھ کشمیریوں کی آ واز بلند کریں گے۔ ہم سب تمام کشمیر دوست سابق ممبران برطانوی پارلیمنٹ کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیشہ کشمیری کمیونٹی کے مسائل حل کئے ہیں، کشمیر یوں کی آواز بنیں ہیں، کشمیریوں کے لئے امید کی کرن ثابت ہوئے ہیں اور ہم اس بات کا عز م کرتے ہیں کہ 04 جولائی 2024 کو برطانوی عام انتخابات میں تمام کشمیری کمیونٹی و پاکستانی کمیونٹی ایسے امیدواروں کی بھرپور حمایت کرے گی جنہوں نے ماضی میں ہمیشہ کشمیر دوست ممبر ان پارلیمنٹ ہونے کا عملی ثبو ت پیش کیا ہے۔ اس موقع پر اجلاس میں موجود سابق ممبران برطانو ی پارلیمنٹ نے راجہ نجابت حسین اور ان کی پوری ٹیم کو اپنی بھرپور اور مکمل حمایت کا یقین دلایا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے ماضی میں بھی کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی اور خصوصا اس الیکشن مہم میں کشمیر دوست ممبران پارلیمنٹ کی بھاری اکثریت کو سپورٹ کریں گے تا کہ مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ اور برطانوی حکومت کے ساتھ موثر انداز میں پیش کیا جا سکے اور مسئلہ کشمیر کا فوری، دیرپا اور پائیدار حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق نکالا جا سکے۔ سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر یاسمین ڈار نے اس موقع پر کہا کہ وہ ماضی میں بحیثیت چیئر پرسن جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل برطانیہ، بحیثیت انتہائی متحرک کشمیری ایکٹیوسٹ اور ریاست جموں و کشمیر کی بیٹی ہونے کی حیثیت سے اپنا کردار اد ا کرتی رہی ہیں اور اب بھی جہاں وہ لیبر پارٹی کی نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی ممبر کی حیثیت سے، لیبر پارٹی کی کونسلر کی حیثیت سے، نارتھ آ ف انگلینڈ اور پورے برطانیہ میں لیبر پارٹی کی لیڈر شپ کے ساتھ موثر رابطوں کے لئے کام کریں گی وہیں وہ دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر کی مظلوم بہنوں، بیٹیوں اور ماں اور تمام کشمیریوں کا کیس عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار اد ا کریں گی اور وہ برطانیہ میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والی خواتین کو دعوت دیتی ہیں کہ جہاں وہ مقامی سطح پر اپنے اپنے شعبوں میں اپنا موثر کردارادا کر رہی ہیں وہیں وہ ریاست جموں کشمیر کی آزادی کے لئے بھی اپنا بھرپور عملی کردار ادا کریں تا کہ جلد از جلد کشمیری قوم کو ان کا حق خود ارادیت مل سکے اور اس تحریک میں برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں کا ایک بہت بڑا کردار سامنے آ سکے۔ اس موقع پر سابق میئر ٹیم سائیڈ تفہیم شریف، تحریک کی برطانیہ کی چیئر پرسن نائلہ شریف اور تحریک کے سرپرست اعلی سردار عبدالرحمان خان نے جہاں ممبران پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا، جہاں سیاسی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا وہاں اس عز م کا بھی اظہار کیا کہ ریاست جموں کشمیر کی آزادی، اس کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سرگرمیاں بند کروانے کے لئے تحریکی عہدیدار ہر سطح پر ہر وقت اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اس موقع پر خصوصا یقین دلاتے ہیں کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پوری ریاست جموں کشمیر کو بھارت کے ناجائز قبضہ اور بھارتی چنگل سے مکمل طور پر آزاد نہیں کروا لیتے اور ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے تمام حقوق کو بحال نہیں کروا لیتے جو 1947 سے پہلے کشمیریوں کو حاصل تھے۔