سرگودھا(صباح نیوز) سیشن جج بھلوال کی عدالت میں مقدمہ قتل میں پیشی سے واپس جانیوالے تین افراد مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرارہوگئے پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر بھلوال منتقل کر دیں، تہرے قتل کے واقعے کا آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے جلد سے جلد ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع منڈی بہاؤالدین کے علاقے گڑھ قائم کے رہائشی مدثر شہزاد، مناظر علی اور محمد جاوید اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بھلوال سیشن جج کی عدالت میں مقدمہ قتل میں پیشی بھگتنے کے بعد واپس جا تے ہوئے جب راجہ اسلم کالونی چک نمبر5جنوبی کے ریلوے پھاٹک کے پاس پہنچے تو ٹرین کی آمد کی وجہ سے ریلوے پھاٹک بند تھا جس کا موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے مدثر شہزاد، مناظر علی اور محمد جاوید موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ اطہر شدید زخمی ہوگیا۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال بھلوال منتقل کردیا گیا۔ جبکہ تہرے قتل کا ریجنل پولیس آفیسر شارق کمال صدیقی نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور جلد سے جلد ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واردات پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔