فیصل آباد(صباح نیوز)فیصل آ باد کے علاقہ ستیانہ روڈ محلہ شریف پورہ میں لیپ ٹاپ پھٹنے کے بعدآگ لگنے سے پوراخاندان جھلس گیاجن میں سے والدہ3بچوں سمیت جاں بحق اور5افرادزخمی ہوگئے، زخمیوں کوطبی امدادکے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا جن میں سے بعض کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق احمد کے گھرپرایک بچہ لیپ ٹاپ چلا رہا تھا کہ جوزیادہ گرم ہونے کی وجہ سے اچانک پھٹ گیااورگھرپرآگ لگنے سے 9 سالہ محمدطلحہ اس کی بہن6سالہ دعا فاطمہ موقع پرجبکہ ان کی والدہ 32سالہ نرگس بی بی اور3سالہ ابراہیم24گھنٹے موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعدجاں بحق ہوگئے۔ زخمیوں میں45سالہ فرحت بی بی،24سالہ مکی اسلم،8سالہ ریحان رضا،ایمان فاطمہ اور40سالہ راشدہ بی بی شامل ہیں۔ایک ہی خاندان کی4اموات سے علاقہ سوگواراورہرآنکھ اشکبارتھی۔
دوسری طرف آرپی اوفیصل آباد ڈاکٹرعابدخان نے نوٹس لے کر سی پی او کامران عادل سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے جھلسنے والے خاندان کے گھرجاکر اظہار افسوس اور ہمدردی کااظہارکیا جبکہ ہسپتال جاکرزخمیوں کی عیادت بھی کی۔اُن کا کہنا تھاکہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔شہریوں کو حادثات سے بچاؤ کے لئے الیکٹرونک، پرنٹ، سوشل میڈیا اور سیمینارز کے ذریعے آگاہی فراہم کر رہے ہیںـ
ڈپٹی کمشنر نے واقعہ کے حقائق کی جانچ پڑتال کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔اے سی ہیڈ کوارٹرز،سول ڈیفنس آفیسر،ڈی ای او ریسکیو1122 پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے جو رپورٹ پیش کرے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو متاثرہ گھر جانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایرج حیدر گوندل نے برن یونٹ کا دورہ کرکے زخمیوں کی تیمارداری کی۔علاج معالجہ کی فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔