پشاور(صباح نیوز) الیکٹرک سپلائی کمپنی(پیسکو)کے چیف نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی، پی ٹی آئی سے متعلق رکھنے والے ناظمین کے خلاف مقدمات درج کرنے کے لئے مراسلہ مینیجنگ ڈائریکٹر پی پی ایم سی اسلام آباد کو ارسال کردیا۔
مراسلے کے متن کے مطابق ایم این اے ارباب عامر اور فضل الہٰی نے رحمان بابا گرڈ پر گارڈ سمیت حملہ کیا، ایم این اے ذوالفقار نے پبی گرڈ اسٹیشن میں گھس کر عملہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ وسیم اور ارشد ناظم دلہ زاک گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوئے، انہوں نے موٹر وے کو بلاک کیا، ناظم متھرا انعام نے گرڈ اسٹیشن میں گھس کر ہائی لائن لاسسز والے فیڈر کی بجلی بحال کروائی، ایم این اے آصف خان نے سپرنٹنڈنٹ کے دفتر پر گارڈ سمیت دھاوا بول کر دھمکیاں دیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ مختلف گرڈ اسٹیشن پر پیسکو عملہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے، ابھی تک نامزد پارلیمنٹرین کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔