عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 15 کروڑ ڈالرز کی منظوری دیدی


اسلام آباد(صباح نیوز)عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 15 کروڑ ڈالرز فنڈز کی منظوری دے دی، رقم پنجاب میں لڑکوں اور لڑکیوں کی پرائمری تعلیم پر خرچ ہوگی۔ عالمی بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 15 کروڑ ڈالرز فراہم کرنے کی منظوری دی۔

عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، فنڈز کے استعمال سے 50 لاکھ بچوں کو فائدہ ہوگا۔ پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین ہیسین نے کہا ہے کہ یہ رقم لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم اور گریڈز کی بہتری کے لیے خرچ ہوگی، اس منصوبے سے 50 لاکھ بچے، 7 ہزار ہیڈ ماسٹرز اورایک لاکھ 65 ہزار ٹیچرز براہ راست مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں اسکولوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے یہ منصوبہ مددگار ثابت ہوگا، رقم پاکستان کو جلد فراہم کی جائے گی جس کے بعد منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کیا جائے گا۔