اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام(پی ایس ڈی پی) کے تحت آئندہ مالی سال 25۔2024 کے دوران نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کے پہلے سے جاری 18 منصوبوں کیلئے 6706.066 ملین روپے جبکہ 6 نئے منصوبوں کیلئے 18293.934 ملین روپے مختص کئے ہیں۔
جاری پی ایس ڈی پی کے مطابق قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے 18جاری منصوبوں کے لئے 6706.066 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔جاری اعداد و شمار کے مطابق قومی غذائی تحفظ و تحقیق ڈویژن کے جاری منصوبے آلو کی ٹشو کلچر ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے 83.55 ملین ، کنزیومر سورسنگ سیڈ اتھارٹی کے قیام اور اس سے متعلقہ لیبز میں مزید بہتری کیلئے 210 ملین روپے ، پلانٹ بریڈر رائٹس رجسٹری کے قیام اور بی یو ایس کے نظام کو مزید فعال بنانے کے منصوبے کیلئے 60 ملین روپے ، خضدار اور تربت میں سیڈ سرٹیفکیشن لیبارٹری کے قیام کیلئے 276.950 ملین روپے ، خوردنی بیجوں کی پیداوار میں اضافہ کے پروگرام کیلئے 800 ملین روپے، بھیڑ ،بکریوں میں منہ کھر اور دیگر بیماریوں کے سدباب کے منصوبے کیلئے 240 ملین روپے، بارانی علاقوں میں زرعی شعبہ کی ترقی و بہتری کیلئے جاری منصوبے کیلئے 1600 ملین روپے،شرمپ فارمنگ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے 491.870 ملین روپے، چاول کی پیداوار میں اضافہ کے منصوبہ کیلئے 60 ملین روپے، گنے کی پیداوار میں اضافہ کے منصوبے کیلئے 60 ملین روپے، گندم کی پیداوار میں اضافہ کے جاری منصوبہ کیلئے 140 ملین روپے، دالوں کی پیداوار میں اضافہ کے منصوبہ کیلئے 300 ملین روپیمختص کئے گئے ہیں۔
جاری منصوبوں میں سے پاکستان میں زیتون کی کمرشل بنیادوں پر کاشت اور پیداوار میں اضافہ کے منصوبہ کیلئے 1000ملین روپے ، شمالی علاقہ جات میں ٹرائوٹ مچھلی کی پیداوار کو فروغ دینے کے منصوبہ کیلئے 200.700ملین روپے، پاک۔چین ایگریکلچر بریڈنگ انوویشن پراجیکٹ کیلئے 115.331 ملین روپے،خیبرپختونخواکے بارانی علاقوں میں پانی کے ذخائر کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 600 ملین روپے، گلگت بلتستان میں مائونٹین ایگریکلچرل ریسرچ سنٹر کے منصوبے کیلئے 199.865 ملین روپے، آلو کی پیداوار میں اضافہ کیلئے تصدیق شدہ بیج کی فراہمی کے پاک۔کوریا جوائنٹ پروگرام منصوبہ کیلئے 267.800 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جاری اعداد و شمار کے مطابق نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کے نئے منصوبوں نیشنل ریفارمز پروگرام کے تحت پیشہ وارانہ استعداد کار بڑھانے کے منصوبہ کیلئے 700 ملین روپے،ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کیلئے وزیراعظم کے قومی پروگرام کے منصوبہ کیلئے 15000ملین روپے ، نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے پراجیکٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ یونٹ کے منصوبہ کیلئے 42 ملین روپے، ہارٹیکلچر سپورٹ پروگرام (ایچ ایس پی) کیلئے 200 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے جاری اور نئے منصوبوں کیلئے آئندہ مالی سال 25۔2024 میں مجموعی طور پر 25 ہزار ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔۔