سری نگر:جنوبی کشمیر میں بھارتی فوج نے2 کشمیری نوجوانوں کو شہید جبکہ 3 کو گرفتار کر لیا ہے ۔ بھارتی فورسز کی بھاری جمعیت نے پیر اور منگل کی درمیانی رات کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں محاصرہ اور تلاشی کارروائی شروع کی۔
اس دوران فوج نے ریاض احمد ڈار ولد عبدالعزیز ڈار ساکن ستھرگنڈ کاکاپورہ اور رئیس احمد ڈار ولد غلام محی الدین ڈار ساکن لاروے کاکاپورہ کو گولی مار کر شہید کر دیا ۔ پولیس نے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ ریاض ڈار اے کیٹیگری کا عسکریت پسند تھا اس کے سر کی قیمت مقررتھی۔ پولیس کے مطابق بلال احمد لون ولد غلام قادر لون ساکن نہامہ، سجاد گنائی ولد نذیر گنائی ساکن نہامہ اور شاکر بشیر ولد بشیر احمد لون ساکن نہامہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے ان کے قبضے سے ہتھیار بھی ملے ہیں ۔