پشاور(صباح نیوز)پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات التوا کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات کے التوا کے خلاف اعظم سواتی کی درخواست پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی۔
اعظم سواتی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کے انتخابات الیکشن کمیشن نے ملتوی کئے ہیں، گزشتہ سماعت پر ان سے سینیٹ انتخابات کی تاریخ مانگی گئی تھی۔وکیل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے متعلق رپورٹ جمع کرادی ، مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فل بنچ نے 24تاریخ کو حتمی فیصلہ کرنا ہے، سپریم کورٹ کافل بینچ اس کیس کو سن رہا ہے، ہوسکتا ہے مخصوص نشستیں سنی اتحادکونسل کو ہی مل جائیں۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے تک انتظار کرنا چاہیے، جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ ہوسکتا کہ نشستیں ان کو مل جائیں یا ہوسکتا ہے ہمارا فیصلہ برقرار رہے، اس میں ہم آرڈر کرتے ہیں۔عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ۔