پاکستان موثر جیو اکنامک پالیسی کے لیے پرعزم ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی

سجاول، سندھ(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک موثر جیو اکنامک پالیسی پر عمل پیرا ہے جس سے علاقائی تعاون، ترقی اور تجارت کو فروغ میسر ہوگاہے۔وہ منگل کو سجاول، سندھ میں دیوان فاروق موٹرز اور KIA کے زیر اہتمام شہرزور کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔چیئرمین سینیٹ نے دیوان فاروق موٹرز اور KIA کو یہ شاندار سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی جس سے نہ صرف متعلقہ کمپنیاں بلکہ پاکستان کی مجموعی صنعتی ترقی کی اہمیت کو اجاگر ہوتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہرزور ٹرک کا آغاز آٹو موٹیو کی صنعت میں ایک اہم موڑ ثابت ہوگا جس سے پاکستان کے صنعتی شعبے میں جدت اور بہتری کو فروغ میسر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس نے شاہکار سے اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور تکنیکی ترقی کو فروغ دینے میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے  اس امید کا اظہار کیا کہ ٹرانسپورٹ اور آٹوموبائل کے شعبے میں ترقی سے علاقائی سطح پر تجارت،ملازمتوں کے وسیع مواقع اور اقتصادی ترقی کے لئے راہیں ہموار ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا میں آٹوموبائل انڈسٹری کے ذریعے رونما ہونے والی معاشی تبدیلی کی طرح پاکستان میں بھی یہ انڈسٹری اختراع پیدا کرے گی اور الیکٹرک وہیکلز (EVs) کو تمام صارفین کے لیے قابل رسائی،سستی اور حفاظتی معیارات کے مطابق میسر ہوں گی۔انہوں نے آٹو مینوفیکچررز پر زور دیا کہ وہ جدید خطوط پر عمل کرتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں میں شراکت دار بنیں اور مشترکہ طور پر شہروں میں فضائی آلودگی اور توانائی جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے لائحہ عمل اختیار کریں۔انہوں نے قومی اور بین الاقوامی پائیدار ترقی کے مقاصد کے مطابق الیکٹرک مسافر گاڑیاں (EVs) متعارف کرانے کے دیوان موٹرز کے منصوبوں کوسراہا۔

چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی افرادی قوت اور خاص طور پر نوجوانوں کے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھایا جائے اس سے نہ صرف نوجوان آبادی کی صلاحیتوں میں بہتری آئے گی بلکہ آٹو موبائل انڈسٹری کو بھی موثر فروغ ملے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے آٹو موٹیو سیکٹر میں جدت، سرمایہ کاری اور پائیدار ترقی کو آگے فروغ دینے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آٹوموبائل انڈسٹری معاشی ترقی کے لیے مرکز ثابت ہو گا اور اس سے نہ صرف شراکت داری کو فروغ ملے بلکہ ملکی ترقی وخوشحالی اور سرمایہ کاری میں بہتری آئے گی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کی آٹوموبائل انڈسٹری کے روشن مستقبل، پبلک پرائیویٹ تعاون، تحقیق، ترقی اور مقامی مصنوعات کے لیے مارکیٹ تک رسائی کے سازگار ماحول کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔