پولیس جرائم کنٹرول کرے، پنجاب میں کوئی بھی نو گو ایریا برداشت نہیں کیا جائے گا،مریم نواز


لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پولیس جرائم کو کنٹرول کرے، پنجاب میں کوئی بھی نو گو ایریا برداشت نہیں کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں صوبے میں امن و امان کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امن و امان اور پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی،اجلاس کے دوران پنجاب کی جیلوں میں بیگر بیرک کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سپیشل برانچ، ڈی آئی جی آپریشنز، سی سی پی او اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں ، پولیس حکام کرائم کنٹرول کرے،حقائق سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتیں، پنجاب میں کوئی بھی نو گو ایریا برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرائم ریٹ کو ہر صورت نیچے لانا ہو گا، جرائم زیادہ ہوں تو عوام حکومت کی ریفارمز اور ڈویلپمنٹ بھول جاتی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پولیس کے ساتھ ہوں، فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، یونیفارم پہن کر اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو پورے وسائل مہیا کررہے ہیں تاکہ کارکردگی میں کمی نہ آئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس قربانی بھی دے رہی ہے مگر کالی بھیڑیں بھی موجود ہیں، کرپشن کے خاتمے کیلئے پولیس کی کارکردگی کے تجزیے اور جانچ کا نظام لا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاالصوبائی سمگلنگ روکنے کے لئے 14خصوصی چیک پوسٹ بنائی جا رہی ہیں، گاڑیاں ، آلات، اسلحہ، ٹریننگ اور پولیس کی ہر ڈیمانڈ پوری کررہے ہیں۔چیک پوسٹ پر کھڑے ہر پولیس اہلکار کی حفاظت یقینی بنانا ذمہ داری ہے۔مریم نواز نے کہا کہ 10افراد کو ہجوم سے بچانے اور باحفاظت نکالنے پر آئی جی، آر پی اوسرگودھا اور ڈی پی او کو سراہتی ہوں، تنخواہ لیکر جانے والے مزدوروں کا لٹ جانا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ آر پی او شیخوپورہ کو ڈکیتی کے واقعات پر قابو پانے کیلئے ڈیڈ لائن دے دی ہے، ڈرگز کے سدباب کے لئے مستقل بنیادوں پرایکشن جاری رکھا جائے، ہوائی فائرنگ کے واقعات کو روکنے کے لئے پولیس موثر اقدامات کرے۔مریم نواز نے کہا کہ  ڈی جی خان ماڈل پر صوبے بھر میں بجلی چوری کے سد باب کے لئے موثر کارروائی کی جائے،بجلی چوری ختم ہو گی تو لوڈشیڈنگ بھی صفر ہو جائے گی۔ا نہوںنے کہا کہ ٹریفک وارڈن کی موجودگی میں روڈ بلاک ہونا انتہائی افسوسناک ہے، روڈ پر موٹر بائیک سواروں سے لین کی پابندی کرائی جائے، پولیس کے امور میں سیاسی مداخلت ختم کرا دی، اب پولیس پرفارم کرے، ڈی پی او حضرات اپنے ڈسٹرکٹ کو کرپٹ اہلکاروں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کریں۔