لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمر)کی جانب سے عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف درخواستوں پر پیمرا اور وفاقی حکومت کو جواب جمع کروانے کے لئے مہلت دے دی۔ بدھ کو عدالت نے پابندی سے متعلق پیمرا کا قانون بھی طلب کرلیا۔ساتھ ہی لاہور ہائیکورٹ نے درخواستوں پر لارجر بینچ کی تشکیل کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو فائل بھجوا دی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مرکزی کیسز میں اٹھائے گئے نکات پر فیصلہ کریں گے، چینلز تو عدالت نہیں آئے جن کے خلاف پیمرا نے نوٹیفکیشن کیا ہے، اگر کوئی شہری عدالت آیا ہے تو اس کی حد تک عدالتی آرڈر کا اطلاق ہوگا۔اس پر وکیل درخواست گزار اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ نے پیمرا کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔
پیمرا کے وکیل عارف رانجھا نے درخواستوں کی مخالفت کردی۔واضح رہے کہ 24 مئی لاہور ہائی کورٹ نے عدالتی رپورٹنگ پر پابندی سے متعلق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواستوں پر فریقین کو 29 مئی کے لیے نوٹس جاری کردیئے تھے۔