انٹر امتحانات : طلبہ و طالبات کو بنیادی سہولیات یقینی بنائی جائیں. جماعت اسلامی

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق کی قیادت میں وفد نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین پروفیسر نسیم احمد میمن سے جمعرات کو ان کے دفتر میں ملاقات کی اور یکم جون سے شروع ہونے انٹر کے امتحانات کے حوالے سے گفتگو کی اور ان پر زوردیا کہ شدید گرمی و حبس کے موسم میں امتحانی مراکز میں طلبہ و طالبات کے لیے بنیادی ضروریات اور سہولیات کو یقینی بنایا جائے بالخصوص بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ تمام امتحانی مراکز کو لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ رکھنے کے لیے انٹر بور ڈ کی جانب سے کے الیکٹرک کو پہلے سے خط جاری کیا جائے اور اسے پابند کیا جائے کہ امتحانات کے دوران لوڈ شیڈنگ ہرگز نہ کی جائے۔حساس امتحانی مراکز میں رینجرز تعینات کی جائیں۔

وفد میں نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن (نافع)کے ڈائریکٹر محمد پرویز، پبلک ایڈ کمیٹی شعبہ تعلیم کے انچارچ ابن الحسن ہاشمی ،تنظیم اساتذہ کے سکریٹری شاکر شاد اور جماعت اسلامی کراچی کے سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد بھی شامل تھے ۔وفد نے مزیدکہاکہ تمام امتحانی مراکز میں پینے کے پانی کی فراہمی اور طلبہ وطالبات کے لیے کلاسوں میں بیٹھنے کا مناسب بندوبست کیا جائے ایسا نہ ہو کہ میٹرک کے امتحانات کی طرح بچوں اور بچیوں کو زمین پر بیٹھ کر امتحان دینا پڑے اسی طرح امتحان کے دوران نقل مافیا کی بھی روک تھام کی جائے ،

امتحانی نتائج کو صاف و شفاف بنایا جائے،گزشتہ سال کی طرح انٹر سال اول کے طلبہ و طالبات کے ساتھ کی جانے والی زیادتی کا سد باب کیا جائے ،امتحانی پرچوں کے آؤٹ ہوکر سوشل میڈیا پر آنے کے عمل کو روکا جائے اور پرچوں پر بروقت ترسیل بھی یقینی بنائی جائے۔ چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن نے وفدکو یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری ضروری پوری کریں گے اور متعلقہ ذمہ داران کو بھی ضروری ہدایات دیں گے ۔