کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار 2جون کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”غزہ ملین مارچ”کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے ،اس سلسلے میں قائم مقام سکریٹری راشد قریشی کی زیر صدارت ادارہ نورحق میں برادرتنظیمات کا اجلاس منعقد ہوا ۔
جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے خصوصی شرکت کی ۔ اجلاس میں وکلاء برادری کے رہنما، علماء ، اساتذہ ،ڈاکٹر ،انجینئر ، تاجر ودیگر شعبوں کی برادر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں راشد قریشی نے اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ فیصل پر عظیم الشان و تاریخی ”غزہ ملین مارچ” اوراس سلسلے میں چلائی جانے والی مہم اور تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے بریفنگ اورضروری ہدایات دیںکہ جمعہ 24مئی کو شہر بھر کی تمام مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ،
مساجد کے باہر ہینڈ بلز تقسیم کیے جائیں گے ،چوکوں اور چوراہوں پر کیمپس لگائے جائیں گے ، 27تا31مئی تک شہر بھرمیں فلوٹس چلائے جائیں گے ۔ منعم ظفر خان نے اجلاس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ماضی میں بھی اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان مارچ کیے ہیں اور اب 2جون کو ہونے والے غزہ ملین مارچ کو بھی بھرپور طریقے سے کامیاب بنائیں گے ، کارکنان مارچ کو بھرپور بنانے اور اہل کراچی کو کثیر تعداد میں شرکت کے لیے مہم تیز کرتے ہوئے گھر گھر جاکر رابطہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ غزہ و فلسطین میں گزشتہ 7ماہ سے اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی جاری ہے، عالمی طاقتیں اسرائیل کی پشت پناہی کررہی ہیں اور عالمی دہشت امریکہ، اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ میں پیش کی جانے والی قراردادوں کوویٹو کررہا ہے۔
ہم اہل غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو استقامت کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں،غزہ کا 80فیصد سے زائد حصہ تباہ کردیا گیا ہے اور 80ہزار سے زائد فلسطینی رفح میں موجود ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، فلسطینی مسلمانوں کی مزاحمت سے ہی آج پوری دنیا میں باضمیر انسان اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں۔امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی سے اٹھنے والی تحریک آج برطانیہ،اٹلی، فرانس اور جرمنی کی جامعات تک پھیل گئی ہے۔اسرائیل کی دہشت گردی و جارحیت اور اہل غزہ سے یکجہتی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔