جماعت اسلامی وفد کی جے یوآئی کے رہنما عبدالکریم عابد سے ملاقات،سید زین شاہ سے بھی رابطہ

کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام سندھ( ف) کے نائب امیرمولانا عبداکریم عابد سے ان کے دفترمیں ملاقات اورانہیں 29مئی کو قباء آڈیٹوریم میں بدامنی وڈاکوراج کے خاتمے جماعت اسلامی کے تحت ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔کل جماعتی کانفرنس بدھ کو مرکزی نائب امیرلیاقت بلوچ کی زیرصدارت کراچی میں منعقد ہوگی۔

وفد میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیرمحمد حسین محنتی ،اسداللہ بھٹو اورمجاہدچنا شامل جبکہ ان کے بڑے صاحبزادے عطاء الحق عابدبھی ساتھ موجود تھے۔رہنماوں نے ملکی وعالمی سیاسی صورتحال صوبہ میں امن وامان سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا۔صوبائی امیرمحمد حسین محنتی نے کہاکہ حکومتی نااہلی اورانتظامی غفلت کی وجہ سے سندھ میں امن وامان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے،اغوا برائے تاوان ایک منافعہ بخش کاروبار کی شکل اختیار کرچکا ہے جس میں مقامی ظالم وڈیرے ،پولیس میں موجود کالی بھیڑیاں بھی برابرکی شریک ہیں۔جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس وقت کراچی تا کشمور پورا صوبہ ڈاکوئوں کو پٹے پردے دیا گیا ہے۔عوام عدم تحفظ کا شکار اوران کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

حکومتی نااہلی اورڈاکوراج کے خلاف اگرکوئی احتجاج کرے تو ان پردہشتگردی کے مقدمات قائم کئے جاتے ہیں جوکہ سراسرظلم اورحقوق انسانی کی شدید پامالی ہے۔قیام امن ودامنی کے خاتمے کے لیے اے پی سی میں سیاسی جماعتوں سے ملکر لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔جے یو آئی  کے رہنما نے اے پی سی میں شرکت کا یقین دلایا۔صوبائی امیرنے سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے صدرسید زین شاہ سے بھی رابطہ کرکے انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ایس یوپی رہنما  زین شاہ نے بھی اے پی سی میں شرکت اورڈاکوراج کو حکومتی نااہلی قراردیتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں کی غفلت اورکرپشن کی وجہ سے آج سندھ نازک دور اورعوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔