لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور نے ملاقات کی اور ان کو ریلوے مزدوروں کے مجموعی مسائل سے آگاہ کیا۔لیاقت بلوچ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے ریلوے مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے پہلے بھی بھرپور آواز اٹھائی ہے اور آیندہ بھی اٹھاتی رہے گی۔ شیخ محمد انور نے لیاقت بلوچ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے،اس میں تمام ورکرز کی محنت بھی شامل ہے، لیکن ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین اور ان کی بیوائوں کے واجبات، جی پی فنڈ کی ادائیگی، ٹی اے کی بندش کے واجبات ادا نہیں کیے جا رہے ہیں اور اسی طرح ریلوے کے مکینکل، ٹریفک، لوکورننگ، سگلنگ، آر ٹی ایل، الیکٹریکل، انجینئرنگ، کمرشل سٹاف کو فل گزیٹیڈ ہولی ڈے نہیں دیا جا رہا اور ٹی ایل اے، کنٹریکٹ اور انولیڈ ملازمین کے بچوں کو فوری مستقل کرنے کی ضرورت ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا ریلوے قومی اور عام آدمی کے سفر کرنے کا ادارہ ہے کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے، لیکن انتظامیہ کو اس حقیقت کو مدنظر رکھنا چاہیے کہ یہ ریلوے ملازمین کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔لیاقت بلوچ نے چیئرمین ریلوے، چیف ایگزیکٹو ریلوے عامر خان بلوچ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریلوے ملازمین کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں اور پینشنرز اور بیوائوں کے واجبات کی فی الفور ادائیگی اور عارضی ملازمین کو مستقل کریں
Load/Hide Comments