سکیورٹی خدشات، اڈیالہ جیل حکام کی 190ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کی درخواست


راولپنڈی (صباح نیوز)اڈیالہ جیل میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کے لئے درخواست کردی۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے احتساب عدالت اسلام آباد کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ اڈیالہ جیل صوبے کی حساس ترین جیل ہے، اڈیالہ جیل میں گنجائش کے برعکس 7 ہزار کے قریب قیدی موجود ہیں۔خط میں بتایا گیا کہ دہشتگردی سمیت سنگین جرائم میں ملوث مجرم اڈیالہ جیل میں قید ہیں، سیاسی بیک گراؤنڈ رکھنے والے ہائی پروفائل قیدی بھی اڈیالہ جیل میں ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کے محکمہ داخلہ کو کالعدم تنظیموں کی جانب سے جیلوں پر حملے کے منصوبے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے، رپورٹ کے مطابق میانوالی، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی اور اٹک جیل کو سکیورٹی تھریٹس ہیں، اڈیالہ جیل کی سکیورٹی کے لئے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے تعاون سے فرضی مشق بھی کی گئی ہیں۔

خط کے مطابق جیل سے ملحقہ رہائشی علاقوں کے مکینوں کی سکیورٹی کلیئرنس بھی کی جارہی ہے، چنانچہ سکیورٹی انتظامات کے تناظر میں 190ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت آئندہ ہفتے تک کے لئے  ملتوی کی جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل راولپنڈی کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔