کراچی ( صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی،ڈاکو راج اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کو حکومتی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی تا کشمور پورا صوبہ ڈاکووں کے حوالے کردیا گیا ہے، سندھ کا کوئی بھی شہر ایسا نہیں جہا شہریوں کا اغوا،ڈاکہ زنی اور قتل وغارتگری کی وارداتیں نہ ہورہی ہوں، اس سنگین صورتحال کے باوجود سندھ کے وزیرداخلہ کا ”سب ٹھیک ہے” کے دعوے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔
صوبائی امیر نے ایک بیان میں کندھ کوٹ میں ڈاکووں کا پولیس چوکی پر حملہ کرکے ایک اہلکار کو اغوا اور پنوعاقل میں گھر میں داخل ہوکر لوٹ مار کے بعد معصوم بچے کے اغووالے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ظالم وڈیرہ راج اور پولیس میں کالی بھیڑوں کیخلاف آپریشن نہیں ہوگا تب تک سندھ میں امن امان ممکن نہیں ہے، امن امان کے نام پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود سندھ کے باسی امن کیلئے ترس رہے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کیلئے مؤثر اقدمات اٹھائے تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں۔