کراچی (صباح نیوز)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت تاجربرادری کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے،تاجربرادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ پیر کو کراچی میں نیوزکانفرنس کے دوران وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان نے کہا کہ تاجر برادری کو درپیش چینلجز کے حل کیلئے حکومت نے کمیٹی بنائی ہے، گیس اور ٹیرف سے متعلق تجا ویز وزیراعظم کو پیش کریں گے،کمیٹی کی سربراہی میں خود کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وہ صنعتکاروں اوربزنس کمیونٹی سے بجٹ سے متعلق ملاقات کریں گے تاکہ علاقائی تجارت کو بہتر بنا سکیں۔جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بہت سے موا قع موجود ہیں۔
سعودی عرب سے اتنے کم وقت میں اتنے بڑے تجارتی وفد کا آنا حکومت کی کامیابی ہے اور وزیراعظم پاکستان اس سارے عمل کی خود نگرانی کر رہے تھے ۔وزیر تجارت نے کہا کہ جی سی سی معاہدہ آخری مراحل میں ہے جو کہ جلد پائے تکمیل کو پہنچ جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی جاپان میں ہونے والے ایکسپو میں بھی شرکت کرے گی ۔ وزارت تجارت ٹیرف بورڈ کی میٹنگ بلا رہا ہے اور بجٹ سے پہلے تمام کام کو مکمل کر لیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایکسپورٹ کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اور ایکسپورٹ کے حوالے سے پالیسی کو مزید آسان بنایا جائے گا۔پاکستان میں آٹو موبائل مینوفیکچرنگ نہیں ہو رہی،
حکومت چاہتی ہے کہ کار مینوفیکچرنگ کمپنیاں ایکسپورٹ کریں اور مقامی گاڑیاں صارفین کو کم قیمت میں ملیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے کر رہا ہے تاکہ ملک میں بیروزگاری میں کمی لائی جاسکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیرف کے مسائل کی وجہ سے بہت سے کمپنیاں بند ہو چکی ہیں ۔ ہمارے پاس آئی ٹی کے شعبے میں بہت استعداد ہے ، برآمدات کے فروغ کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے اور مقامی صنعت کے مسائل کو حل کیا جا رہا ہے ۔