کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں کی معیشت اور آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات دلانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق جمہوریت کی طرح میثاق معیشت کرکے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انتخابی قوانین وضابطہ اخلاق میں تبدیلی کرکے قومی وصوبائی اسمبلی کے نمائندوں کے سامنے 45-47-49 سمیت تمام فارم پرکئے جائیں تاکہ کسی کو مداخلت اورعوامی مینڈیٹ پرڈاکہ مارنے کاموقع نہ مل سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاض میں مجلس پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ قومی انتخابات ایک تماشا تھے جس سے عوام کا ووٹ کی پرچی سے اعتماد ختم ہوگیا ہے کیوں کہ اس میں عوام اور 45فارم کے تحت منتخب عوامی نمائندے باھر اور47کے تحت جعلی اورچوردروازے سے جتوائے گئے نمائندے پارلیمنٹ میں مزے کررہے ہیں ۔انتخابات کوپیسے وطاقت کا کھیل بنانے اورمینڈیٹ پرڈاکہ روکنے کے لیے ضروری ہے کہ انتخابی اصلاحات کے ذریعے الیکشن کمیشن کو مضبوط و خودمختار بنانے کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ اور سرکاری اداروں کی مداخلت کا باب ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ فارم 47کے ذریعے قوم پرمسلط قیادت کی وجہ سے آج پاکستانی عوام مہنگائی ،بے روزگاری سمیت بنیادی حقوق کی عدم فراہمی جیسے مسائل کا سامنا کررہے ہیں ،آزاکشمیر پنجاب بلوچستان سمیت ملک بھر میں عوام ظالمانہ نظام اوراپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں جبکہ سیاسی استحکام نہ ہونے کی وجہ سے معاشی بحران ملک کو سنگین مسائل سے دوچار کررہا ہے اس لئے تمام سیاسی جماعتوں کو کو مل کرملکرمیثاق معیشت کرکے ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف آگے بڑھائیں تاکہ عوام کے مسائل حل ہوسکیں۔ اس موقع پر مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالرؤف، میاں حامد قاضی،اسحاق میمن اور محمد نعیم پاشا سمیت مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے دیگر رہنماء بھی شریک تھے ۔