کسان بورڈ کے تحت 16 مئی کو لاہور میں مسجد شہدا مال روڈ سے وزیر اعلی ہاوس تک حق دو کسان مارچ ہوگاچوہدری نور الہی تتلہ ایڈووکیٹ

نارووال(صباح نیوز) کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی نائب صدر چوہدری نور الہی تتلہ ایڈووکیٹ  نے کہا ہے کہ گندم کی سرکاری خریداری اور کسانوں کے مطالبات کے حل کے لیے کسان بورڈ  پاکستان 16 مئی کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں مسجد شہدا مال روڈ سے وزیر اعلی ہاوس تک  حق دو کسان مارچ کرے گی۔ اس احتجاجی مارچ میں سنٹرل پنجاب کے اضلاع سے ہزاروں کسان شریک ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاکستان کسان بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع نارووال طلعت رشید چوہدری ،صدر کسان بورڈ ضلع نارووال چوہدری احسن عدیل تتلہ ایڈووکیٹ،انوارالحق بٹ ، چوہدری ذوالفقار علی ،میاں سہیل منصور ایڈووکیٹ ، چوہدری محمد صادق تتلہ ایڈووکیٹ، کے علاوہ  دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سابقین کے نقشہ قدم پر چل رہی ہے۔ کاشتکاروں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان حال ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے مسائل پر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔

پی آئی اے سمیت 24 اداروں کی نجکاری کی منظوری، حکمرانوں کی صلاحیت پر بڑا سوالیہ نشان ہے، تشویشناک بات یہ ہے کہ جہاں ایک طرف خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کی جائے گی وہاں دوسری جانب منافع بخش اداروں کی نجکاری بھی کی جائے گی جن میں پی آئی اے، فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ، ایچ بی ایف، زرعی ترقیاتی بینک، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، پیکو، جنکوون ، ٹو، تھری، فور نجکاری پروگرام میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا تنخواہ دار اور کاروباری طبقے سے مجموعی قومی پیداوار کا نصف فیصد یعنی 600 ارب روپے مزید ٹیکس وصول کرنے اور پنشنرز پر بھی ٹیکس لگانے کا حکم عوام پر بجلی بن کر گرا ہے۔حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کے لئے پوری قوم کو آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سال اوسط مہنگائی 24.8 فیصد جبکہ بیروزگاری 8 فیصد رہے گی جو کہ موجودہ حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنی ہر سانس کے بدلے ٹیکس ادا کر رہے ہیں طلعت رشید چوہدری امیر جماعت اسلامی ضلع نارووال نے کہا کہ حکومت اشرافیہ سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنانے کی بجائے عوام کی زندگی کو مشکل بنارہی ہے۔ بجلی،گیس کے بلوں سے لیکر پٹرولیم مصنوعات تک ہر چیز پر ہوشربا ٹیکسز نے لوگوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

جنوبی ایشیائی خطے میں مہنگائی سب سے زیادہ پاکستان میں ہے جس نے عوام کی کمر کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ چوہدری نور الہی تتلہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ  ہر دور حکومت میں آئی ایم ایف کی غلامی کی گئی ہے، موجودہ نومنتخب حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے نقش قدموں پر چل رہی ہے۔ پاکستان میں سیاسی عدم استحکام نے معیشت کا ستیاناس کر دیا ہے، ہر شعبہ تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستانی عوام کو مختلف پیکجز کی آڑ میں بھیک دینے کی بجائے حکمران معیشت کو ٹھیک کریں۔ روزگار کے مواقع دیں، کرپشن کا خاتمہ کریں اور اپنی صفوں سے کالی بھیڑوں کو نکالیں۔